کورونا سے مزید 5 جاں بحق، پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 33 اور مجموعی کیسز 2360 ہوگئے

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 138کیسز رپورٹ ہوچکے ، مجموعی طور پر 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں

جمعرات 2 اپریل 2020 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہوگئی ، مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2360 تک جا پہنچی ،پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 10، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق پاکستان میں جمعرات کورونا وائرس کے اب تک 138 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 2 ، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے،اب تک پنجاب میں 69 کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز 2 ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبے میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا،انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کیمطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔

سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں اب تک ہونے والی 10 ہلاکتوں میں سے 9 کراچی شہر میں ہوئیں۔محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 54 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی ،ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں جمعرات کورونا وائرس کے مزید 69 کیسز سامنے ا?چکے ہیں جب کہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 914 ہوگئے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب میں جمعرات کو ایک اور ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی خان سے 213 زائرین اور ملتان سے 91 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ، رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 199، گجرات 90، جہلم 28، راولپنڈی 53، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 14، فیصل آباد 9، سرگودھا 10، حافظ آباد،ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان،میانوالی،بہاولنگر 3، نارووال،ملتان، وہاڑی، لودھراں 2 جب کہ اٹک،خوشاب،سیالکوٹ، بہاولپور، قصور اور لیہ میں ایک ایک کیس ہے۔ایک رو قبل بدھ کو پنجاب میں کورونا سے راولپنڈی میں 83 سالہ شخص جاں بحق ہوا تھا جو پنڈی میں چوتھی ہلاکت تھی۔

پنجاب میں ہونے والی 11ہلاکتوں میں سے لاہور میں جمعرات کو ہونے والی ایک ہلاکت کے بعد 5 ہلاکتیں ہوچکی ہیں ، راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل ا?باد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے نئے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔ جمعرات کو گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 187 ہوگئی ہے اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے علاقے میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے مجموعی کیسز کی تعداد 183 بتائی ہے اس طرح پورٹل اور محکمہ اطلاعات کے نمبرز میں 4 نمبرز کا فرق ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی تھی