ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے بغیر ہم کورونا وبا کیخلاف یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے،

آپ ہمارے ہیرو ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ویڈیو پیغام

جمعرات 2 اپریل 2020 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا ہے کہ آپ کے بغیر ہم کورونا وبا کیخلاف یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے، آپ ہمارے ہیرو ہیں۔ جمعرات کو موجودہ وبائی چیلنج کے حوالے سے اہم ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں آپ کے بغیر ہم یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے، آپ ہمارے ہیرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس، ہماری افواج، آپ جو کردار ادا کر رہے ہیں، پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ مخیر حضرات نے بھی آڑے وقت میں پاکستان کی قوم کو مایوس نہیں کیا، زلزلہ ہو، سیلاب ہو آپ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، آج ایک دفعہ پھر امتحان کا سامنا ہے، آپ وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جو آپ کو اس وبا سے بچنے کیلئے، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سمیت مختلف ہدایات دے رہی ہے خدا کیلئے ان پر عمل کیجئے یہ احتیاط آپ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے، روابط کو موثر بنانے کیلئے حکومت نے نیشل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔

اس کمیٹی میں کیے گئے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایرا کی بلڈنگ میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ہم موثر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میڈیا کا میں خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میڈیا کے تعاون کے بغیر ہم آگے بڑھ ہی نہیں سکتے۔ اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے میڈیا نے اپنے سماجی پیغامات اور پروگراموں کے ذریعے جس طرح آگاہی مہم چلائی ہے وہ قابل تحسین ہے ہمیں آگے بڑھنے کیلئے آپ کا مسلسل تعاون درکار ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں چاہیے ایمان، ہمیں چاہیے نوجوان اور ان کو ملا کے جیتے گا پاکستان۔