کورونا وائرس،ملک میں 2373 افراد متاثر، 33 اموات، 100 سے زائد صحتیاب

پنجاب سی11، سندھ سے 11، خیبرپختونخوا سی8، گلگت بلتستان سے 2 اور بلوچستان سے ایک مریض کا انتقال ہوا، رپورٹ

جمعرات 2 اپریل 2020 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2 ہزار 373 تک پہنچ گئی ،33 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل بھی 5 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات 31 تک پہنچی تھی تاہم جمعرات کو سندھ میں مزید 2 اموات کی تصدیق کردی گئی،ان 33 افراد میں پنجاب سی11، سندھ سے 11، خیبرپختونخوا سی8، گلگت بلتستان سے 2 اور بلوچستان سے ایک مریض کا انتقال ہوا۔

تاہم صحتیاب ہونے والی مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اب تک 107 افراد اس وائرس سے جنگ جیت چکے ہیں۔سندھ کی وزیر صحت و بہبود آباد ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں کورونا وائرس سے 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق کردی۔اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 65 سالہ شخص ٹنڈو محمد خان کا رہائشی تھا جسے 28 مارچ کو حیدر آباد کے ہسپتال میں لایا گیا تھا جہاں ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد علاج جاری تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فرد تبلیغی جماعت کا رکن تھا اور اسے ایکیوٹ ریسپائریٹری ڈسٹریس سنڈروم (اے آر ڈی ایس) کا مرض بھی لاحق تھا اور وہ ویٹی لیٹر پر تھا۔جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص سے متعلق ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ 86 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے تھا، مریض میں یکم اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور ان میں وائرس سماجی رابطے کے ذریعے منتقل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مریض کو بلڈ پریشر جیسے مسائل کا سامنا تھا۔بیان میں بتایا گیا کہ اس موت کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کورآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ 2 اپریل کی صبح ساڑھے چارب بجے آنے والے کیسز میں 17 کیسز کراچی، 9 حیدر آباد، 6 بینظیرآباد اور 2 جامشورو میں سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تمام کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں، جس کے بعد سندھ میں مقامی سطح پر منتقلی کے کیسز کی تعداد 410 ہوگئی۔بعد ازاں میران یوسف نے صوبے میں مزید 20 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 761 ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ نئے کیسز میں سے 12 کراچی اور 8 سکھر میں زائرین میں سامنے آئے۔ان کا کہنا تھا کہ مزید 2 مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں مزید 61 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 914 ہوگئی۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب قیصر آصف نے کے مطابق اب تک پنجاب میں 11 افراد انتقال کرچکے ہیں جس میں لاہورسے 5، راولپنڈی سے 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان سے ایک ایک مریض شامل ہے۔صوبے میں متاثرین کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان میں 213، ملتان 91، رائے ونڈ قرنطینہ مرکز میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 199، راولپنڈی میں 53، گجرات میں 90 کیسز ہیں جبکہ باقی کیسز پنجاب کے دیگر علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ کیے گئے۔اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان 8 کیسز کے بعد وہاں اب تک متاثرین کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔ادھر گلگت بلتستان میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور وہاں 3 نئے کیسز کے بعد تعداد 187 تک جاپہنچی۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ گلگت بلتستان میں ہی کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ایک ڈاکٹر بھی اس وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے تھے۔مزید برآں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے کیسز دیکھنے میں آئے۔اگرچہ ابھی تک آزاد کشمیر اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے تاہم نئے کیسز آنے کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 6 سے بڑھ کر 9 ہوگئی ہے۔