کوروناوائرس،مستحق کھلاڑیوں اور گرائونڈ اسٹاف کی مدد کیلئے جہانگیر خان نے ریکٹ،اصلاح الدین صدیقی نے ہاکی ، سرفراز احمد نے بیٹ نیلامی کیلئے پیش کردیا

کراچی اسپورٹس فورم کی مہم میں کھیلوں کی دنیا کے عظیم کھلاڑی بھی شامل

جمعرات 2 اپریل 2020 23:32

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2020ء) کورونا وائرس کے باعث موجودہ حالات سے متاثرہونے والے مستحق کھلاڑیوں اور گرائونڈ اسٹاف کے گھروں میں راشن بیگز اور ادویات پہنچانے کی کراچی اسپورٹس فورم کی مہم میں کھیلوں کی دنیا کے عظیم کھلاڑی بھی شامل ہوگئے اسکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے برٹش اوپن کے فائنل میں استعمال ہونے والا اپنا دستخط شدہ ریکٹ، اولمپئین اصلاح الدین صدیقی نے 1978 میں ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کیلئے فیصلہ کن گول کرنے والی اپنی ہاکی اسٹک اور پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان سرفراز احمد نے 2017 چیمپئینز ٹرافی میں استعمال ہونے والے اپنے بیٹ کو مہم میں نیلامی کیلئے پیش کردیا۔

(جاری ہے)

کراچی اسپورٹس فورم کے چیف آرگنائزر سید وسیم ہاشمی کے مطابق ماضی اور موجودہ کھلاڑیوں کے استعمال میں آنے والی اشیاء کو نیلام کر کے حاصل ہونے والی آمدنی سے مزیدراشن بیگز کا انتظام کر کے مستحق کھلاڑیوں اور گرائونڈ اسٹاف میں تقسیم کریں گے دریں اثناء پاکستانی عوام کے نام دئیے گئے اپنے ویڈیو پیغام اسکوائش لیجنڈ جہانگیرخان نے کہا کہ کورونا وائرس کی جنگ سے نکلنے کا واحد راستہ احتیاط ہے عوام اس عالمی وباء کو آسان نہ لیںاور مکمل احتیاتی تدابیر کااستعمال کرتے ہوئے اپنے گھروں تک محدود رہیںکراچی اسپورٹس فورم کے عہدیداران اوررضاکار کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود جس طرح انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت دن رات اس نیک مقصد کی انجام دہی میں مصروف ہیںمیںان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں اور اس نوبل کاز میں ان کیلئے میری خدمات ہمیشہ ساتھ ہوں گی ہاکی اولمپئین اصلاح الدین نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ راشن بیگزکی فراہمی کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے شانہ بشانہ کراچی اسپورٹس فورم کاساتھ دیں اور اس کارخیر میں جوممکن ہوسکے بھرپورسپورٹ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد راشن بیگزسے مستفید ہوسکیں ۔