فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹرعافیہ کی طبی بنیادوں پر رہائی کیلئے درخواست دائر کردی

جمعرات 2 اپریل 2020 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2020ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے کہ جس میں درخواست کی گئی ہے کہ طبی بنیادوں پر ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے فوری رہائی کیلئے حکومت پاکستان کو ہدایات جاری کی جائے۔ایڈوکیٹ عرفان عزیز کے توسط سے دائر درخواست میں ، وزارت خارجہ کے توسط سے فیڈریشن آف پاکستان ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعظم ہاؤس، وزارت داخلہ امور اور انسانی حقوق کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر غیر قانونی طور پر مقدمہ چلایا کیونکہ عافیہ ایک پاکستانی شہری تھی اور اسے بغیر کسی عدالتی دائرہ اختیار کے ، زبردستی امریکہ کے حوالے کردیا گیا تھا اور اسے اپنے دفاع کا منصفانہ موقع بھی نہیں دیا گیا تھا اور بعد میں اسے کسی بھی جواز اور قانونی وجوہ کے بغیر 86 سال قید کی سزا سنادی گئی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی میں کرونا وائرس کی بگڑتی صورتحال اور امریکی جیلوں میں کرونا وائرس پھیلنے اور اس کے نتیجے میں قیدیوں کی متوقع اموات کا خدشہ ظاہر کئے جانے پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری ، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور سیکریٹری وزارت خارجہ کو فوری طور پر خطوط لکھے تھے۔ مگر کہیں سے کوئی جواب موصول نہ ہونے پر ڈاکٹر عافیہ کی زندگی بچانے کیلئے ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ نے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا