کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی

وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 10 لاکھ، امریکا، اٹلی اور اسپین سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 اپریل 2020 22:57

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل2020ء) کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 10 لاکھ، امریکا، اٹلی اور اسپین سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 50 ہزار ہو چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 10 لاکھ کے قریب تک پہنچ چکی ہے۔

194578 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکا متاثر ہوا ہے۔ امریکا میں 20 جنوری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور تب سے اب تک 2 لاکھ 35 ہزار 300 افراد اس موذی وائرس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ امریکا میں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسپین امریکا اور اٹلی کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے، جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

پوری دنیا میں اب کورونا وائرس کے مریض اسپین سے زیادہ صرف اٹلی اور امریکا میں ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اٹلی میں تقریبا ایک لاکھ 15 ہزار بنتی ہے۔ اسپین میں مزید اضافے کے بعد اب ایسے متاثرین کی تازہ ترین تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ یوں صرف ان تین سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں اس وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووِڈ انیس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 4لاکھ 60 ہزار ہو چکی ہے۔ اس وقت پوری دنیا میں کورونا اوائرس کے مریضوں میں سے پینتالیس فیصد سے زیادہ کا تعلق صرف امریکا، اٹلی اور اسپین سے ہے۔ اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ 13 ہزار سے زائد جبکہ اسپین میں 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔