ترکی میں ایک ہی دن میں کورونا کی وجہ سے 277 افراد جاں بحق ہوگئے

ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہی دن میں 79سے بڑھ کر 356ہوگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 2 اپریل 2020 23:51

ترکی میں ایک ہی دن میں کورونا کی وجہ سے 277 افراد جاں بحق ہوگئے
کائرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 اپریل2020ء) ترکی میں ایک ہی دن میں کورونا کی وجہ سے 277 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہی دن میں 79سے بڑھ کر 356ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کیسز کی تعداد 2456 سے بڑھ کر 18135 ہوگئی ہے۔ دنیا بھر کی طرح برادر اسلامی ملک ترکی میں بھی کورونا وائرس نے نظام زندگی کو مفلوج کردیا ہے، متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باعث ترکی دنیا کا کورونا سے متاثر ہونے والا 12 واں بڑا ملک بن گیا ہے۔

دوسری جانب ترکی میں صدر طیب اردگان نے ریلیف فنڈ قائم کرکے لوگوں سے اس میں عطیات جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اس فنڈ مہم کو ہم خود ہی اپنے لیے کافی ہیں کا نام دیا ہے ۔

(جاری ہے)

صدر اردگان نے کورونا ریلیف فنڈ میں اپنی 7 مہینے کی تنخواہ بھی جمع کرادی ہے جبکہ کابینہ کے باقی ارکان بھی اس میں فنڈ جمع کرا رہے ہیں۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 10 لاکھ، امریکا، اٹلی اور اسپین سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔

ہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 50 ہزار ہو چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 10 لاکھ کے قریب تک پہنچ چکی ہے۔ 194578 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکا متاثر ہوا ہے۔ امریکا میں 20 جنوری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور تب سے اب تک 2 لاکھ 35 ہزار 300 افراد اس موذی وائرس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ امریکا میں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسپین امریکا اور اٹلی کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے، جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔