ملک میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 35 ہوگئی

ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد بھی مزید اضافے سے 2 ہزار 401 ہوگئی، 107 مریض صحتیاب ہونے میں بھی کامیاب

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اپریل 2020 01:55

ملک میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 35 ہوگئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 2اپریل 2020ء ) ملک میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 35 ہوگئی، ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد بھی مزید اضافے سے 2 ہزار 401 ہوگئی، 107 مریض صحتیاب ہونے میں بھی کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔ جمعرات کے روز ملک میں کرونا وائرس کے باعث مزید 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

پنجاب میں 11، سندھ 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک شخص کرونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گیا۔ اس کے علاوہ جمعرات کو ملک میں کرونا وائرس کے 179 مزید کیسز بھی رپورٹ ہوئے، جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 2401 ہوگئی ہے۔ پنجاب سے 75، سندھ سے 34، خیبرپختوںخواہ سے 58، گلگت سے 3، بلوچستان سے 5 اور اسلام آباد سے 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جبکہ اب تک ملک بھر میں زیر علاج کرونا وائرس کے 107 مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ سندھ میں 56 کرونا وائرس متاثرہ افراد صحتیاب ہوئے ہیں، جبکہ ملک کے باقی صوبوں میں 51 وائرس متاثرہ افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس وقت پنجاب سے 920، سندھ سے 743، خیبرپختوںخواہ سے 311، گلگت سے 187، بلوچستان سے 169 اور اسلام آباد سے کل 62 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر سے بھی 9 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاون کیا گیا ہے۔ حکومت نے گزشتہ روز لاک ڈاون کو 14 اپریل تک جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس تمام صورتحال کے حوالے سے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 10لاکھ کورونا وائرس کے کنفرم کیسز ہیں۔ پاکستان میں ایک ہزار 16 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، جن میں 9 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے اگرکسی کے پاس کوئی آئیڈیا ہے تو ہمیں بھیجا جائے۔ ہمارے ای میل پر آئیڈیاز بھیجنے کی آخری تاریخ 12 اپریل ہے۔13سے 14اپریل تک تمام آئیڈیاز کی سکروٹنی کی جائے گی، 15اپریل کو بتایا جائے گا، جبکہ 17اپریل تک آئیڈیاز پر حکومت گائیڈ کرے گی۔