فرانس ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا وائرس ہلاکتیں رپورٹ کرنے والا ملک بن گیا

یورپی ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد لقمہ اجل بن گئے، 2116 نئے کیسز کے ساتھ کل تعداد 59 ہزار سے زائد ہوگئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اپریل 2020 03:07

فرانس ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا وائرس ہلاکتیں رپورٹ کرنے والا ملک ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل2020ء) فرانس ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا وائرس ہلاکتیں رپورٹ کرنے والا ملک بن گیا، یورپی ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد لقمہ اجل بن گئے، 2116 نئے کیسز کے ساتھ کل تعداد 59 ہزار سے زائد ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے فرانس میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں جہاں سے 24 گھںٹوں کے دوران 1 ہزار 355 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ملک میں ایک روز کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ فرانس کرونا وائرس ہلاکتوں کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا سب سے متاثرہ ملک بن گیا ہے، جہاں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔ جبکہ فرانس میں اب تک رپورٹ ہونے والے کل کیسز 59 ہزار سے زائد ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 52 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 10 لاکھ سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

 جبکہ 2 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکا متاثر ہوا ہے۔ امریکا میں 20 جنوری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور تب سے اب تک 2 لاکھ 40 ہزار افراد اس موذی وائرس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ امریکا میں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسپین امریکا اور اٹلی کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے، جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

پوری دنیا میں اب کورونا وائرس کے مریض اسپین سے زیادہ صرف اٹلی اور امریکا میں ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اٹلی میں تقریبا ایک لاکھ 15 ہزار بنتی ہے۔ اسپین میں مزید اضافے کے بعد اب ایسے متاثرین کی تازہ ترین تعداد ایک لاکھ 12 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ یوں صرف ان تین سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں اس وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووِڈ انیس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 4لاکھ 60 ہزار ہو چکی ہے۔

اس وقت پوری دنیا میں کورونا اوائرس کے مریضوں میں سے 45 فیصد سے زیادہ کا تعلق صرف امریکا، اٹلی اور اسپین سے ہے۔ اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ 13 ہزار سے زائد جبکہ اسپین میں 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ امریکا اور فرانس میں 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔