امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 1 ہزار 169 افراد ہلاک

گزشتہ روز بھی ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار سے زیادہ تھی، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 3 اپریل 2020 07:19

امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 1 ہزار 169 افراد ہلاک
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اپریل 2020ء) امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 1 ہزار 169 افراد ہلاک۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں مسلسل دوسرے روز بھی ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہے۔

امریکہ میں مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار 70 تک جا پہنچی ہے جبکہ ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا کے 30 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اس وقت متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 877 تک جا پہنچی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 403 ہے۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکہ میں کورونا وائرس سے 1 ہزار 46 مزید افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کورونا وائرس سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں گزشتہ روز وائرس سے متاثرہ 26 ہزار 306 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کل کیسز کی تعداد 2 لاکھ 14 ہزار 836 تک جا پہنچی تھی۔ کل تک امریکہ میں وائرس زدہ 8 ہزار 878 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھر جا چکے تھے جبکہ اب صحت یاب افراد کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 403 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر نے عوام کو آگاہ کیا تھا کہ ہمیں دردناک ہفتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کورونا سے 2 لاکھ 40 ہزار تک ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو تمام ضروری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں 13 ہزار سے زائد افراد کی ہلاکتوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ ہلاکتوں میں اٹلی کے بعد اسپین دوسرے جہاں 10 ہزار 348 افراد ہلاک ہوئے، امریکہ 6 ہزار 70 ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے، فرانس 5 ہزار 387 کے نمبر کے ساتھ چوتھے، چین 3 پزار 318 ہلاکتوں کے بعد پانچویں نمبر پر جبکہ ایران 3 ہزار160 اموات کے بعد چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔