کورونا یونان کے پناہ گزیں کیمپوں تک پہنچ گیا،قرنطینہ میں تبدیل کردیاگیا

رسائی محدود،کیمپ تک مزید طبی عملے اور غذائی اشیا کو بھیجنے کا انتظام کیا جا رہا ہے،یونانی حکام

جمعہ 3 اپریل 2020 13:45

کورونا یونان کے پناہ گزیں کیمپوں تک پہنچ گیا،قرنطینہ میں تبدیل کردیاگیا
ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) یونان میں ایتھنز کے پاس پناہ گزیں کیمپ میں مقیم بعض افراد میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کے بعد حکام نے اس کیمپ کو قرنطینہ کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یونان کی پناہ گزینوں اور مہاجرت سے متعلق وزارت نے ایتھنز کے پاس مہاجرین کے رتسونا کیمپ میں تقریبا اکیس افراد کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے بعد، کیمپ کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں کر دیا۔

پناہ گزینوں کے کیمپ میں کورونا وائرس سے سب سے پہلے ایک خاتون کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، جن کی ایتھنز کے ایک اسپتال میں جانچ ہوئی تھی۔ وہ گزشتہ ہفتے ہی ماں بنی ہیں۔یونان میں پناہ گزین کیمپ تک کورونا وائرس کی وبا کی تصدیق ہونے کے بعد یوروپی یونین نے ایسے مزید پر ہجوم کیمپوں میں اس وبا کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

داخلی امور سے متعلق یوروپی یونین کی کمشنر یلوا جانسن نے اس حوالے سے کہ یوروپی کمیشن، اب یونانی حکام کے ساتھ مل کر ہنگامی اقدامات کا عملی منصوبہ مرتب کرنے کے لیے کافی محنت کررہا ہے۔

ابھی فوری منصوبہ یہ ہے کہ کمزور ترین اور بیمار لوگوں کو کیمپوں سے باہر نکال کر ہوٹل کے کمرے جیسے محفوظ ترین مقامات پر پہنچانا ہے۔ادھر یونانی حکام نے رتسونا کیمپ تک رسائی کو محدود کر دیا اور کہا کہ کیمپ تک مزید طبی عملے اور غذائی اشیا کو بھیجنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق کیمپ میں کام کرنے والے اسٹاف میں ابھی تک کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :