کم عمر مداح کے تعریفی پیغام نے بابر اعظم کا دل جیت لیا

بابر اعظم میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، تعلق پاکستان سے ہے اور وہ 25 سال کے ہیں، نوعمر آسکر کا مضمون

جمعہ 3 اپریل 2020 13:54

کم عمر مداح کے تعریفی پیغام نے بابر اعظم کا دل جیت لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ نو عمر آسکر نے ایک پیار بھرا پیغام لکھ کر بابر اعظم سے محبت کا اظہار کیا اور خراج تحسین پیش کیا۔5 سالہ آسکر کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس نے صارفین کا دل تو جیتا ہی ساتھ ہی بابر اعظم کا دل بھی موہ لیا۔

انگلش کائونٹی سمرسیٹ کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکائونٹ سے آسکر کے ہاتھ سے لکھا گیا ایک مضمون شیئر کیا گیا جس میں آسکر کی وہ تصویر بھی چسپاں تھی جس میں بابر اعظم نے اپنے نوعمر مداح کو گود میں اٹھایا ہوا ہے۔بابر اعظم کے نوعمر مداح نے اپنے مضمون میں لکھا کہ بابر اعظم میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، اٴْن کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ 25 سال کے ہیں۔

(جاری ہے)

آسکر نے لکھا کہ وہ پچھلے سال پائوں کے آپریشن کے بعد اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملے تھے، انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم انتہائی ملنساری سے ملے۔بار اعظم کی تعریف کرتے ہوئے نوعمر مداح کا کہنا تھا کہ وہ T20 کے بہترین کھلاڑی ہیں کیونکہ وہ بہت اچھے شاٹس کھیلتے ہیں۔بابر اعظم نے اس خوبصورت پیغام کا جواب دیتے ہوئے آسکر کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ راک اسٹار میں بھی آپ سے ملنے کا منتظر ہوں۔

اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم نے نوعمر مداح کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ دل لگا کر پڑھائی کرے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم رواں سال بھی انگلش کائونٹی سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے، اسٹار بیٹسمین پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل سمر سیٹ کی جانب سے ٹی ٹوینٹی اور فور ڈے میچز کھیلیں گے۔سمر سیٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد بابر اعظم ایک بار پھر سمرسیٹ کائونٹی کیلئے ایکشن میں ہوں گے۔