مجھے امید ہے عمران خان پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے، جاوید میانداد

عمران خان ہمیشہ دوسروں کے لیے سوچتے ہیں، عمران خان کی سوچ بہت سنجیدہ ہے،پیغام پاکستان کو ایک اچھا وزیراعظم ملا ہے، ہمارا ملک ان کی قیادت میں پھلے اور پھولے گا، سب مل کر عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے، سابق کپتان

جمعہ 3 اپریل 2020 13:54

مجھے امید ہے عمران خان پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے، جاوید میانداد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) سابق کرکٹر جاوید میاں داد نے کہاہے کہ مجھے امید ہے کہ عمران خان پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔اپنے ویڈیو پیغام میں سابق کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ ان کا عمران خان سے گہرا اور درینہ تعلق حق ہے، 1974ء سے قائم ہونے والا یہ تعلق کرکٹ کے ساتھ چلتا رہا، میں جانتا ہوں کہ عمران خان ایک بہت دیانت دار انسان ہیں، وہ جس کام پر لگ جائیں، اسے مکمل کرکے ہی چھوڑتے ہیں، عمران خان کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے، وقتی طور پر باتیں غلط لگتی ہیں تاہم آگے چل کر وہ درست دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ دوسروں کے لیے سوچتے ہیں، عمران خان کی سوچ بہت سنجیدہ ہے، نیت تو اوپر والا جانتا ہے اور اللہ عمران خان کی نیت جانتا ہے، شوکت خانم میموریل ہسپتال ان کی بہترین نیت کی اچھی مثال ہے، جس کے لیے انہوں نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا تھا، عمران خان نے مسلسل محنت کی، ہمت نہ ہاری اور اس عظیم منصوبے کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کے لیے عالمی کپ جیتنے والے عمران خان وہ شخص ہیں جو مٹی میں ہاتھ ڈالے تو وہ سونا بن جائے، عمران خان ہمت اور عزم کی بہترین مثال ہیں ، پرانی باتیں بھول جائیں اس وقت ہم سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے، عمران خان پر بھروسا کیا جائے، پہلے اور اب کے عمران خان میں زمین آسمان کا فرق ہے، ان میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے۔جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کو ایک اچھا وزیراعظم ملا ہے، ہمارا ملک ان کی قیادت میں پھلے اور پھولے گا، سب مل کر عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :