قطر میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا

ایک ہی دن میں کورونا کے 144 نئے کیسز سامنے آ گئے، ایک اور مریض ہلاک

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 اپریل 2020 16:05

قطر میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اپریل 2020 ء) قطر میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید طاقتور ہوتا جا رہا ہے۔ صرف ایک دِن کے اندر مزید 144 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے، جبکہ ایک اور مریض ہلاک ہو گیا ہے۔ قطری وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں مزید 144 افراد میں کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد مملکت میں اس موذی مرض کے شکار افراد کی گنتی 949تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک تین افراد کورونا کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔ جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی گنتی 72 ہو گئی ہے۔کورونا کے نئے مریضوں میں سے زیادہ تر وہ ہیں جو دیگر ممالک سے واپس آئے تھے اور انہیں ایئر پورٹ سے ہی قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کچھ نئے مریض ایسے ہیں جو کورونا سے متاثرہ افراد سے رابطے میں رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مملکت بھر میں مقامی اور تارکین وطن کے اب تک 26,260 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ اس وقت زیادہ تر مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے ۔ مملکت میں کورونا سے تازہ ترین ہلاکت 85 سالہ بزرگ کی ہوئی ہے جسے شدید نمونیا کی شکایت ہو گئی تھی، جس کے بعد ٹیسٹ لیے جانے پر بزرگ مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم ایک روز بعد ہی بدنصیب مریض کا انتقال ہو گیا۔

واضح رہے کہ قطری حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر 17 مارچ کو مساجد کی وقتی بندش اور ان میں نماز پنجگانہ و نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی تھی۔ مملکت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام غیر ضروری دُکانیں بند کروا دی گئی ہیں، اس کے علاوہ کیفے اور تفریحی آؤٹ لیٹس کھولنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

جو دُکانیں کھُلی رکھی گئی ہیں، ان کے اوقات بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ان اوقات کے علاوہ کسی کو دُکان کھلنے رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ فارمیسیز، کریانہ سٹورز اور ڈلیوری سٹورز پر اوقات کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائر س کا سب سے بڑا نشانہ مزدور طبقہ بن رہا ہے۔ ایمنسٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں سینکڑوں مزدور کورونا وائرس کے باعث ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔