عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وباء سے لڑیں گے،

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا شہریوں میں حفاظتی کٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2020 17:04

عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وباء سے لڑیں گے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہی اللہ کی رضا کا راستہ ہے، مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جمعہ کو لاہور میں شہریوں میں حفاظتی کٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وباء سے لڑیں گے۔

ہم نے تہیہ کیا ہوا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نے ہر ممکن حد تک عوام کو کورونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے۔ عوام کی اصل مدد یہ بھی ہے کہ وہ کورونا سے بچاو کی احتیاط پر عمل کریں۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ایک لاکھ کٹس بنائی جارہی ہیں جو عوام میں تقسیم کی جائیں گی۔اس کٹ میں ماسک، سینیٹائزر اورصابن کے ساتھ عوام کے لئے ہدایت نامہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

اس کٹ کا مقصد قوم کو کورونا کے خلاف جنگ کے لئے تیار کرنا ہے اس کٹ کے ذریعے ان کی رہنمائی کا فریضہ بھی ادا ہوگا اور آگاہی پھیلے گی۔حفاظتی کٹس ہم ہر صوبے اور ہر شہر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔ قائد مسلم لیگ نواز شریف صاحب کی ہدایت پہ عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ تعالی بے حد خوش ہوتا ہے۔یہ موقع ہے کہ ہم انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اللہ تعالی کو راضی کرلیں۔