پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس پر ہونے والی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے گی ،اسد قیصر

کورونا وائرس جیسی عالمی وبا سے کوئی گھر محفوظ نہیں ،وبا کے خلاف متحد ہوکر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، انٹرویو

جمعہ 3 اپریل 2020 20:23

پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس پر ہونے والی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس پر ہونے والی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے گی ، کورونا وائرس جیسی عالمی وبا سے کوئی گھر محفوظ نہیں ،وبا کے خلاف متحد ہوکر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس پر ہونے والی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے گی اورجہاں پر بھی کوتاہی نظر آئے گی کمیٹی ایکشن لے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی حکومت کو مثبت تجاویز دے گی۔معاشی مسائل پر بھی حکومت اپنی پالیسی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے رکھے گی۔اسد قیصرنے کہا کہ محکمہ صحت اور ڈی جی این ڈی ایم ایکو6 اپریل کو ہونے والی پارلیمانی کمیٹی میں ملک کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دینے کے لیے بلایا ہے،حکومت اور اپوزیشن چلتی رہے گی، موجودہ حالات غیر معمولی ہیں۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس جیسی عالمی وباء سے کوئی گھر محفوظ نہیں ہے انہوںنے کہاکہ دنیا بدل رہی ہے جنگ عظیم دوم کے بعد دنیا میں بڑا واقعہ رونما ہو ا ہے،کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، ہمارا ملک کرفیو کا متحمل نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم عمران خان کو عام آدمی کی فکر ہے۔اس وقت بہت زیادہ ذمہ دارانہ رویوں کی ضرورت ہے۔

ریلیف فنڈ کی نگرانی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو ذمہ داری دینے کے حوالے سے اپوزیشن کی تجویز بہت اچھی ہے ہم نے اس پر کام شروع کیا ہوا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جہاں پر بھی کوتاہی نظر آئیگی کمیٹی ایکشن لے گی اور حکومت کو تجاویز دیں گے۔ حدیث پاک ہے کہ وہ مسلمان نہیں ہو سکتا جو خود پیٹ بھر کے سو جائے اور اس کا پڑوسی بھوکا سوئے اس لئے اس مشکل وقت میں بحثیت انسان قومی جذبے کے ساتھ ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہو گا۔