Live Updates

صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مستحق خاندانوں کا پتہ لگائیں اور ان کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں‘راشد حفیظ

معاشرے میں ہر جگہ ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے محروم و مجبور لوگوں کی دستگیری کیلئے اللہ تعالی کا انتخاب بن سکیں‘صوبائی وزیر

جمعہ 3 اپریل 2020 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) کورونا کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں جن کے پاس اتنی جمع پونجی بھی نہیں کہ وہ اپنے بچوں کو ایک وقت کی روٹی بھی دے سکیں ․ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے امدادی پیکیجز میں ایسے خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی ․ انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گرد و پیش ایسے خاندانوں کا پتہ لگائیں اور ان کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں ․ ہمارے معاشرے میں ہر جگہ ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے محروم و مجبور لوگوں کی دستگیری کیلئے اللہ تعالی کا انتخاب بن سکیں․ انہوں نے یہ بات پی ایچ اے راولپنڈی کے لان میں پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر ، ترجمان وفاقی حکومت و ایم این اے صداقت علی عباسی ، مشیر وزیر اعلی پنجاب و چئیرمین پی ایچ اے آصف محمود اور ایم پی اے واثق قیوم کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ․ اجلاس کا مقصد بے وسیلہ اور مستحق لوگوں کو بھوک و افلاس سے بچانے کیلئے مخیر لوگوں کو متحرک و فعال بنانے کی تحریک شروع کرنا تھا ․ شرکاء اجلاس نے اتفاق کیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں موجود بڑے تاجروں ، صنعت کاروں ، کاروباری اور دیگر صاحب ثروت لوگوں کو فرنٹ لائن پر آکر مستحق لوگوں کی مدد پر اکسائیں گے ․ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب سمیت ڈویژنل ، ضلعی ، تحصیل اور یو سی سطح کے تنظیمی عہدیدار بھی اپنی نگرانی میں امداد باہمی کی یہ تحریک چلائیں گے ․ صداقت علی عباسی نے بتایا کہ انہوں نے تحصیل مری ، کہوٹہ ، کوٹلی ستیاں ، کلر سیداں اور ساگری سرکل میں یہ کام شروع کر دیا ہے جس میں مخیر لوگوں نے کروڑوں روپے نقد یا راشن کی شکل میں دے کر اس کا آغاز کیا ․ شرکاء اجلاس نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے دئیے جانے والے امدادی پیکیجز کی اپنی ضرورت و اہمیت ہے مگر اس کی حدود بھی ہیں اس لئے بحیثیت انسان اور حکمران جماعت کے ساتھ وابستگی کی وجہ سے بھی ہمارے اوپر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم نہ صرف اپنی جانب سے بلکہ مخیر لوگوں کو ساتھ ملا کر مستحقین کو راشن بہم پہنچائیں ․ یاد رہے کہ اس سلسلے میں راجہ راشد حفیظ نے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جانب سے حلقہ پی پی 16 کی مختلف یونین کونسلوں میں راشن پیکیجز تقسیم کیا جبکہ صداقت علی عباسی نے اپنی جانب سے قائم کئے گئے عوامی ریلیف فنڈ میں معقول رقم جمع کروائی ․ اسی طرح مشیر وزیر اعلی پنجاب آصف محمد اور ایم پی اے واثق قیوم نے بھی ضرورت مند لوگوں کی مدد کیلئے اپنی جانب سے معقول رقوم دے کر امداد باہمی کی تحریک کا آغاز کر دیا ہے -
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات