سال گذرنے کے باوجود شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں پر حکمرانی ،قاتل تاریخ کے مجرموں کے کٹہڑے میں کھڑے ہیں،آصف زرداری

پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے عوام کی حکمرانی کے اصول پر نہ کبھی سمجھوتہ کیا نہ ہی کرینگے،شہید قائد عوام کے منشور پر عمل کرنے سے ملک کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر ترقی اور روشنی کی منزلیں طے کریں گے،سابق صدر کا پیغام

جمعہ 3 اپریل 2020 21:13

سال گذرنے کے باوجود شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں پر حکمرانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے 41 سال گذرنے کے باوجود شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں جبکہ ان کے قاتل تاریخ کے مجرموں کے کٹہڑے میں کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے 41 ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قائد عوام شہید نے صدیوں سے استحصال کے شکار عوام کو شعور دیکر استحصالی قوتوں کو شکست دی تھی ، شہید بھٹو نے سیاست کو خلق خدا کے قدموں میں لا کر کھڑا کیا ،سابق صدر نے کہا ہم نے بھٹو شہید کے اس فرمان کو مشعل راہ بنایا کہ سیاسی جنت عوام کے قدموں میں ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ، سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے عوام کی حکمرانی کے اصول پر نہ کبھی سمجھوتہ کیا نہ ہی کرینگے۔

انہوں نے کہا شہید قائد عوام کے منشور پر عمل کرنے سے ملک کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر ترقی اور روشنی کی منزلیں طے کریں گے۔