ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات

بلوچستان میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہء خیال

جمعہ 3 اپریل 2020 21:25

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بلوچستان میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہء خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے اور موجودہ حالات میں محرومیاں مزید بڑھ گئی ہیں، بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر موجود بلوچستان کے ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو زیادہ سے زیادہ حفاظتی اور طبی سامان فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور بلا تعطل ضروری اشیاء کی فراہمی کر رہی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ کو ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی سامان کی فراہمی کی جائے گی۔ بلوچستان حکومت کو 4800 ٹیسٹنگ کٹس دی گئی ہیں جبکہ تقریباً 37 ہزار کٹس اسلام آباد میں قائم ریزرو رکھی گئی ہیں۔

اس وقت ہماری سب سے بڑی ترجیح کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی اور طبی سامان کی فراہمی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ 6 اپریل تک ایک لاکھ کے قریب ذاتی حفاظتی آلات کے سیٹس جبکہ 15 اپریل تک مزید ایک لاکھ آلات کے سیٹس پاکستان پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ دو لیبارٹریز کو اس قابل بنایا جائے تا کہ وہاں دو مزید مقامات جعفر آباد اور گوادر میں ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔