قاسم خان سوری کی چیئر مین این ڈی ایم سے ملاقات ،بلوچستان میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کیوجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال

بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری 6 اپریل تک ایک لاکھ کے قریب ذاتی حفاظتی آلات کے سیٹس اور 15 اپریل تک مزید ایک لاکھ آلات کے سیٹس پاکستان پہنچ جائیں گی، لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

جمعہ 3 اپریل 2020 21:45

قاسم خان سوری کی چیئر مین این ڈی ایم سے ملاقات ،بلوچستان میں کورونا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کیوجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے اور موجودہ حالات میں محرومیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر موجود بلوچستان کے ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو زیادہ سے زیادہ حفاظتی اور طبی سامان فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور بلا تعطل ضروری اشیاء کی فراہمی کر رہی ہے۔

چیئر مین این ڈی ایم اے نے کہاکہ بلوچستان کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ کو ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی سامان کی فراہمی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان حکومت کو 4800 ٹیسٹنگ کٹس دی گئی ہیں جبکہ تقریباً 37 ہزار کٹس اسلام آباد میں قائم ریزرو رکھی گئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ہماری سب سے بڑی ترجیح کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی اور طبی سامان کی فراہمی ہے۔

انہوںنے کہاکہ 6 اپریل تک ایک لاکھ کے قریب ذاتی حفاظتی آلات کے سیٹس جبکہ 15 اپریل تک مزید ایک لاکھ آلات کے سیٹس پاکستان پہنچ جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان حکومت سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ دو لیبارٹریز کو اس قابل بنایا جائے تا کہ وہاں دو مزید مقامات جعفر آباد اور گوادر میں ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔