وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لئے اقدامات کے حوالے سے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی

کورونا وائرس کے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، کورونا کے خلاف نبردآزما دیگر متعلقین کے ساتھ ساتھ صحافی اور میڈیا ورکرز بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں، میڈیا ورکزر کے تحفظ اور انڈسٹری کی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی، وزیرِاعظم عمران خان

جمعہ 3 اپریل 2020 21:53

وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں میڈیا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لئے اقدامات کے حوالے سے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی وزیرِ تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی شہزاد اکبر، سیکرٹری اطلاعات اور ڈاکٹر شہباز گل پر مشتمل ہوگی۔

جمعہ کووزیراعظم کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی کا قیام پاکستان براڈ کارسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بھیجے جانے والے خط کے بعد کیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری کو ممکنہ بحران سے بچانے اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کی غرض سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے وزیرِ اعظم سے براہ راست درخواست کی اور انڈسٹری کے لئے حکومت کی جانب سے سپورٹ کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کا جائزہ لینے اور مسائل کا حل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے خلاف نبردآزما دیگر متعلقین کے ساتھ ساتھ صحافی اور میڈیا ورکرز بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ میڈیا ورکزر کے تحفظ اور انڈسٹری کی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔