سول ایوی ایشن کو پروازیں بند ہونے سے3 ارب 61 کروڑ کا نقصان پہنچا

سول ایوی ایشن کو یہ نقصان لینڈنگ، فلائٹ آپریشن معطل کرنے اور دیگر چارجز کی مد میں ہوا ہے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 اپریل 2020 19:30

سول ایوی ایشن کو پروازیں بند ہونے سے3 ارب 61 کروڑ کا نقصان پہنچا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل 2020ء) کورونا وائرس کے باعث پروازیں بند ہونے سے ادارے کو3 ارب 61 کروڑ کا نقصان ہوگیا، یہ نقصان لینڈنگ، پراوزیں منسوخ ہونے اور دیگر چارجز کی مد میں ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر کی معیشتوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ وہاں پاکستان کی معیشت پر بھی منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مارچ میں 3 ارب61 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔  مارچ میں پہلے 15 روز میں 212 پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں۔ اسی طرح سی اے اے کو فضائی حدود استعمال نہ کرنے پر15 کروڑ10 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ مارچ میں پہلے 15 روز میں 212 پروازیں اور  ایک ماہ کے دوران کل 1681 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ لینڈنگ اور دوسرے چارجز کی مد میں 45 کروڑ روپے جبکہ فضائی حدود استعمال نہ ہونے پر 14 کروڑ 40 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح 31 مارچ تک 1469 پروازیں منسوخ ہونے اور دیگر چارجز کی مد میں 2 ارب 26 کرروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث سخت سفری پابندیوں اور فلائٹ آپریشنز معطل ہونے کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 4 اپریل کل سے پروازیں شروع ہوں گی۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ وطن واپسی کی 17 پروازیں 4 تا 11 اپریل کے درمیان اڑان بھریں گی۔

واضح رہے حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کر رکھا ہے۔ تاہم اب حکومت نے قومی ائیر لائنز کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دیدی۔ وزیر خارجہ اور وزیر امور ہوابازی کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران خان نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی۔ پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں مسافروں کو واپس لایا جائے گا تا کہ این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق مربوط ٹیسٹنگ کی جا سکے۔

پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 03 اپریل سے بحال ہو گا۔ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 04 اپریل سے شروع ہو گا۔ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی۔ تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔