کرونا وائرس کی تباہ کاریاں، فرانس میں 15 پاکستانی بھی جاں بحق ہوگئے

یورپی ملک ایک دن میں سب سے زیادہ اموات والا مل بن گیا، 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد جان کی بازی ہارے

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اپریل 2020 19:34

کرونا وائرس کی تباہ کاریاں، فرانس میں 15 پاکستانی بھی جاں بحق ہوگئے
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2020ء) کرونا وائرس کی تباہ کاریاں، فرانس میں 15 پاکستانی بھی جاں بحق ہوگئے، یورپی ملک ایک دن میں سب سے زیادہ اموات والا مل بن گیا، 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد جان کی بازی ہارے۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث اٹلی اور اسپین کے بعد اب فرانس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فرانس ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا وائرس ہلاکتیں رپورٹ کرنے والا ملک بن گیا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد لقمہ اجل بن گئے، 2116 نئے کیسز کے ساتھ کل تعداد 59 ہزار سے زائد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے فرانس میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں جہاں سے 24 گھںٹوں کے دوران 1 ہزار 355 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ۔ کسی بھی ملک میں ایک روز کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

(جاری ہے)

فرانس کرونا وائرس ہلاکتوں کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا سب سے متاثرہ ملک بھی بن گیا ہے، جہاں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔

جبکہ فرانس میں اب تک رپورٹ ہونے والے کل کیسز 59 ہزار سے زائد ہیں۔ فرانس میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے بھی ایک افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فرانس میں رہائش پذیر 15 پاکستانی بھی کرونا وائرس کے باعث اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فرانس میں مقیم پاکستانی کرونا وائرس سے عزیزوں کی اموات کے بعد نئی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، فلائٹ آپریش کی بندش اور حکومت پاکستان کی پابندی کے باعث انہیں میتوں کا وطن لانا ناممکن ہوگیا ہے۔

اس صورتحال میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے جسد خاکی کو پاکستان میں تدفین کی اجازت دیں۔ جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 53 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے۔