امارات کی اقامہ ہولڈرز کے ملک میں داخلے پرعارضی پابندی میں توسیع

جن کے اقامے ختم ہیں اوروہ بیرون ملک ہیں ،فی الحال واپس نہ آئیں،اماراتی وزارت خارجہ

جمعہ 3 اپریل 2020 22:29

امارات کی اقامہ ہولڈرز کے ملک میں داخلے پرعارضی پابندی میں توسیع
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا (کوویڈ۔ 19) کی وبا کی روک تھام کے لیے امارات کا اقامہ رکھنے والے شہریوں کی واپسی پر عارضی پابندی میں دو ہفتے کی مزید توسیع کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اماراتی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ایسے افراد جو امارات کا اقامہ رکھتے ہیں مگر اس وقت بیرون ملک ہیں وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے پیش نظر واپس نہ آئیں۔

اماراتی حکومت نے اقامہ کے حاملین کے دو ہفتے تک مزید پابندی عاید کی ہے اور اس میں توسیع کی جا سکتی ہے۔وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے کہا کہ بہت سے غیر ملکی شہری متحدہ عرب امارات کا اقامہ رکھتے ہیں مگر وہ اس وقت امارات میں نہیں۔

(جاری ہے)

وہ اس وقت تک واپس نہ آئیں جب تک کرونا کا خطرہ موجود ہے یا اس حوالے سیحکومت کا کوئی نیا فیصلہ نہیں آ جاتا۔

اقامہ ہولڈر اس حوالے سے مزید تفصیلات وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات اور روز مرہ کی بنیاد پر ہونے والی اپ ڈیٹ سے جان کاری حاصل کرسکتے ہیں۔ جب اقامہ کے حامل افراد کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تو اس کا اعلان ویب سائٹ پربھی کیا جائیگا۔اس کے علاوہ امارات میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ اندرون اور بیرون ملک پروازویں بدستور معطل ہیں۔