لاک ڈاؤن کے باوجود کرکٹر احمد شہزاد اہلِ خانہ کے ہمراہ شمالی علاقہ جات کی سیر کرنے پہنچ گئے

سٹار کرکٹر نے کالام اور سوات کی سیر کی، چترال کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں داخل ہونے سے روک کر واپس بھیج دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 3 اپریل 2020 20:33

لاک ڈاؤن کے باوجود کرکٹر احمد شہزاد اہلِ خانہ کے ہمراہ شمالی علاقہ ..
چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اپریل2020ء) لاک ڈاؤن کے باوجود کرکٹر احمد شہزاد شمالی علاقہ جات کی سیر کرنے پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 2ہفتے سے ملک میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے اور لوگوں کو گھروں میں رکنے کی ہدایت کیا جارہی ہیں تا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے البتہ ایسے میں سٹار کرکٹر احمد شہزاد شمالی علاقہ جات کی سیر کرنے پہنچ گئے۔

مقامی لوگوں کے مطابق احمد شہزاد گزشتہ ہفتے سوات کی وادی کالام گئے تھے جس پر مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا پر احتجاج کیا تھا، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی ہے، اس کے باوجود احمد شہزاد سیر و سیاحت کیلئے نکلے ہیں۔ وادی کالام کے سماجی کارکنان نے میڈیا کو بتایا کہ احمد شہزاد ایک معروف شخصیت ہیں، لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کے مداح ہے اس لیے اگر وہ پابندی کی خلاف ورزی کریں گے تو اس سے دوسرے لوگوں کو بھی شہہ ملے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق احمد شہزاد نے وادی کالام کی تاریخی مسجد میں نماز بھی پڑھی اور بعد ازاں مقامی لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ وادی کالام کے بعد کرکٹر احمد شہزاد کی اگلی منزل چترال تھی لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں لواری ٹنل سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود کے نے کہا ہے کہ چترال فی الحال کورونا فری ضلع ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا رسک نہیں لیا جاسکتا جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع کے لوگوں کو وہاں کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

کمشنر ملاکنڈ نے تصدیق کی کہ احمد شہزاد اور ان کی فیملی کو لواری ٹنل کے مقام سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ آج کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2542ہو گئی ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 37ہوچکی ہے۔