متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا

امارات میں وائرس سے متاثرہ مزید 240 کیسز رپورٹ، 12 مریض مکمل طور پر صحتیاب بھی ہوگئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اپریل 2020 23:11

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2020ء) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، امارات میں وائرس سے متاثرہ مزید 240 کیسز رپورٹ، 12 مریض مکمل طور پر صحتیاب بھی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس ہر گزرتے روز کیساتھ مزید پھیلتا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

جبکہ ایک اور شخص کی ہلاکت کے بعد اموات کی کل تعداد بھی 9 ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز امارات میں کرونا وائرس کے مزید 240 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئے کیسز رپورٹ ہونے اور ایک شخص کے انتقال کے بعد کل کیسز کی تعداد 1264 تک جا پہنچی ہے، اور 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم یہاں ایک اچھی خبر یہ ہے کہ امارات کے ہسپتالوں میں زیر علاج 12 مریض صحتیاب بھی ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی پھیلاو کی موجودہ صورتحال میں مملکت اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے۔ متحدہ عرب امارات نے تمام زمینی و فضائی رابطے بند کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز کی کل تعداد 10 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے اور ہلاکتیں 53 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ امریکا، اٹلی، اسپین کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک ہیں، جہاں کرونا وائرس کیسز کی تعداد ساڑھے 4 لاکھ سے زائد ہے۔ جبکہ صرف ان 3 ممالک میں 32 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔