ضرورت پڑی تو ٹائیگرفورس سے سندھ میں بھی کام لیں گے: ناصر حسین شاہ

وزیراعظم ٹائیگرفورس کا نام تبدیل کردیں تو اچھی بات ہے، وزیراعظم بڑا کام کررہے ہیں اور ہم سب کھل کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں: وزیراطلاعات سندھ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 3 اپریل 2020 23:50

ضرورت پڑی تو ٹائیگرفورس سے سندھ میں بھی کام لیں گے: ناصر حسین شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اپریل2020ء) وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو ٹائیگرفورس سے سندھ میں بھی کام لیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ٹائیگرفورس کا نام تبدیل کردیں تو اچھی بات ہے، وزیراعظم بڑا کام کررہے ہیں اور ہم سب کھل کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ معلوم نہیں وزیراعظم نے کس کے مشورے پر ٹائیگر فورس نام رکھا۔

انہوں نے کہا کہ 14اپریل تک لاک ڈاؤن رہے گا کیونکہ سب اس پر متفق تھے، لاک ڈاؤن میں سب لوگوں کو امداد پہنچنی چاہیے یہ اہم ہے، ریلیف کتنے لوگوں کو ملاہے یہ بھی دیکھنا ہوگا، یہ کہنا کہ کسی کو کچھ نہیں ملا غلط تاثر ہے، فلاحی اداروں نے بھی دیا لیکن لوگوں کی مددکی گئی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ معاشی لحاظ سے بہتری کیلئے جو بھی وفاق قدم اٹھائے گا سندھ ساتھ دے گا، وفاق کی جانب سے معاشی لحاظ سے جو پیکج دیا گیا اس کو سپورٹ کرتے ہیں، کنسٹرکشن کے لحاظ سے کراچی اہم ہے، وفاق کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں، اس وقت ہماری ترجیح کرونا وبا کی صورت حال ہے۔

(جاری ہے)

ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے معاشی پیکج سے متعلق کہا کہ14اپریل کے بعدعمل درآمد ہوگا، ملک کے لیے اور عوام کے لیے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا اس کی حمایت کریں گے، جو بھی طبی حفاظتی سامان آرہا ہے وہ فراہم کیا جارہاہے، یوسیز میں راشن کی تقسیم کیلئے بنائی کمیٹی میں سب کو شامل کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 5 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور 10 ہزار سے زائد خواتین رضا کار بھی ٹائیگر فورس کا حصہ بن گئی ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پنجاب سے3 لاکھ 56 ہزار 491 ، سندھ سے 78,543 اور خیبرپختونخوا سے 68,334 ہزار افراد رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد سے 8,021 ، بلوچستان سے 5,780، آزاد کشمیر 5,465 اور گلگت بلتستان سے2,211 رضا کار رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ رضاکاروں کا اندراج وزیراعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل کے ذریعے کیا جا رہا ہے اور10 اپریل2020 تک رجسٹریشن جاری رہے گی۔ ٹائیگرز فورس میں 18 سال سے زائد عمر کے نوجوان رجسٹریشن کرا سکیں گے اور کسی بھی سیاسی جماعتوں کے نوجوان اس میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔