دنیا تنازعات سے نکل کر اپنی توانائیاں کرونا کے خلاف استعمال کرے،اقوام متحدہ

کرونا وائرس عالمی تنازعات کے حل کا بہترین موقع، دنیا فائدہ اٹھائے،نتونیو گوٹیرس کا انٹرویو

ہفتہ 4 اپریل 2020 13:52

دنیا تنازعات سے نکل کر اپنی توانائیاں کرونا کے خلاف استعمال کرے،اقوام ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ ہم دنیا کو تنازعات سے نکال کر ان کی تمام توانائیاں اور کوششیں کرونا وائرس کے نتیجے میں پھیلنے والی وباء کے خلاف جنگ کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی برادری باہمی تنازعات سے باہر نکلے اور اپنے وسائل کو کرونا کے خلاف استعمال کریں۔

عرب ٹی وی کو ایک انٹرویومیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کا خطرہ ٹلا نہیں اور یہ وباء ابھی تک عروج پر ہے۔ میں پوری دنیا کے ملکوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ لڑائیاں بند کر کے اپنی تمام توجہ اور وسائل اس عالمی وباء کے خلاف استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وبا سے نمٹنے کے لیے دٴْنیا میں تنازعات کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کرونا کے بارے میں خاموش ہے اور اس کا کام اس وبا کو دور کرنے کے لئے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کرونا دنیا میں تنازعات کے خاتمے کا بہترین موقع ہے مگر بدقسمتی سے ہم اس موقعے سے فایدہ اٹھانے سے بہت دور ہیں۔ اس وقت پوری دنیا کو علاقائی تنازعات ختم کرکے کوویڈ19 کے اس طوفان کا ملک کر مقابلہ کرنا چاہیے۔ یہ کسی ایک ملک، قوم یا معاشرے کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ چیلنج ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کیمرون، جمہوریہ وسطی افریقا، کولمبیا، لیبیا ، میانمار، فلپائن، جنوبی سوڈان، سوڈان، شام، یوکرین اور یمن میں ہونے والے تنازعات میں شامل فریقین نے ہماری تجاویز کو قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف اعلانات نہیں ہمیں عملا جنگ بندی چاہیے۔ ہم متنازع علاقوں میں جاری لڑائیاں ختم کرنے پر عمل درآمد دیکھنا چاہتے ہیں۔ بہت سے تنازعات کافی پرانے ہیں اور وہ آسانی کے ساتھ حل نہیں ہوسکتے۔ اس کے علاوہ متحارب فریقین میں گہری عدم اعتمادی اور شکوک و شبہات ہیں۔