سعودی نوجوان نے چیک پوسٹ پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو گاڑی تلے کُچل ڈالا، 1 جاں بحق

ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا،تاہم اسے آج گرفتار کر لیا گیا ہے، اس نے اپنی گاڑی کا ڈیزائن بھی بدل ڈالاتھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 4 اپریل 2020 13:51

سعودی نوجوان نے چیک پوسٹ پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو گاڑی تلے کُچل ڈالا، ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اپریل 2020 ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں سعودی نوجوان نے جان بُوجھ کر دو پولیس اہلکاروں کو اپنی گاڑی تلے روند ڈالا۔ المرصد ویب سائٹ کے مطابق اس بہیمانہ واردات کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرے اہلکار کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جس کا علاج جاری ہے۔

یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔ جب ریاض کی ایک چیک پوسٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک تیز رفتار گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو اس میں سوار نوجوان نے ان کے اشارے کے باوجود گاڑی نہ روکی بلکہ رفتار اور تیز کر دی۔ جس کی زد میں دونوں پولیس اہلکار آ گئے، ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوا جبکہ دوسرے کے جسم کی متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئیں، جس کا علاج جاری ہے تاہم ابھی اس کی حالت تسلی بخش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ ریاض کے مغربی علاقے کی ایک چیک پوسٹ پر جمعہ کی صبح کو پیش آیا۔اس واردات کے بعد سعودی نوجوان فرار ہو گیا تھا، جس کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ آخرکار آج اس 23 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضہ میں لے لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنی کیپریس گاڑی کی باڈی میں بھی تبدیلیاں کر دی تھیں، تاہم کلوز سرکٹ کیمروں کے باعث اس کی گرفتاری میں بڑی مدد مِلی۔

ملزم کی گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے شراب کی بوتل اور نشہ آور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ ملزم کو استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کر کے اس کے خلاف قتلِ عمد، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور منشیات استعمال کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔