لوگوں کے گھر بجلی اور گیس کے بل پہنچ رہے ہیں لیکن ریلیف کا سامان کیوں نہیں ‘ مریم اورنگزیب

وزیراعظم سے قوم پوچھ رہی ہے اس وقت کنسٹرکشن کی صنعت جنات چلائیں گے ‘سیکرٹری اطلاعات (ن) لیگ

ہفتہ 4 اپریل 2020 16:06

لوگوں کے گھر بجلی اور گیس کے بل پہنچ رہے ہیں لیکن ریلیف کا سامان کیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹے کی قلت ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا ئے خوردونوش کی عدم فراہمی ہے، غریب کے پاس روٹی نہیں، وزیراعظم ریلیف پیکج دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب کنسٹرکشن ریلیف پیکج دینے کا وقت تھا تو عمران صاحب لنگر خانے کھول رہے تھے، جب لنگر خانے کھولنے کا وقت ہے تو کنسٹرکشن ریلیف پیکیج دے رہے ہیں، ملک میں روٹی، آٹا، روزگار نہیں اور کورونا سے لوگ مر رہے ہیں، وزیراعظم سے قوم پوچھ رہی ہے کہ اس وقت کنسٹرکشن کی صنعت جنات چلائیں گے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ لوگوں کے گھر بجلی اور گیس کے بل پہنچ رہے ہیں لیکن ریلیف کا سامان کیوں نہیں ، مزدور دیہاڑی دار تک ریلیف نہیں پہنچ رہا، عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہیں، وزیراعظم کی سمجھ کا یہ عالم ہے کہ مزدوروں کوآن لائن رجسٹریشن کی نصیحت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹا چینی چور کہہ رہے ہیں کہ ملک میں آٹا اور چینی وافر مقدار میں موجود ہے، بھوک کے ستائے لوگ سڑکوں پر بے حال بیٹھے ہیں، ٹائیگر فورس کے سیاسی تماشے بند کر کے لوگوں کو فوری ریلیف اور راشن پہنچانے کی حکمت عملی عملی بنائی جائے۔