کورونا وباء کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر ز ، طبی عملہ صف اول کے سپاہی ‘ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘

کورونا کے خلاف جنگ اجتماعی کوششوں اور جذبے سے جیتیں گے‘ڈاکٹرزو طبی عملہ کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان ‘پسماندہ و مزدور طبقے کو ریلیف دینا اہم ترجیح‘ 1200 ارب روپے کا پیکج وزیراعظم کی عوام دوست سوچ کا مظہر ہے‘ ایک کروڑ افراد کو مالی امداد ملنے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا ملک کوکورونا وائرس کے ساتھ ساتھ معاشی چیلنجز بھی درپیش ‘مشکل گھڑی میں مخیر حضرات آگے بڑھیں اور اپنا کلیدی کردار ادا کریں‘ جناح ہسپتال میں پی سی آر لیب کا قیام لائق تحسین اقدام‘کورونا کو سیاست کیلئے استعمال کرنیوالوں کو عوام مسترد کر دینگے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جناح ہسپتال دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2020 17:28

کورونا وباء کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر ز ، طبی عملہ صف اول کے سپاہی ‘ان کو ..
لاہور۔4 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ صف اول کے سپاہی ہیں‘اس وبا کے خلاف برسرپیکار تمام اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘مخیر حضرات کی جانب سے جناح ہسپتال میں پی سی آر لیب کا افتتاح لائق تحسین ہے‘کورونا کے خلاف جنگ اجتماعی کوششوں اور جذبے سے جیتیں گے‘پسماندہ اور مزدور طبقے کو ریلیف دینا اہم ترجیح ہے‘1200ارب روپے کا معاونت پیکج وزیراعظم کی عوام دوست سوچ کا مظہر ہے‘ ایک کروڑ افراد کو مالی امداد ملنے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا‘کورونا کو سیاست کیلئے استعمال کرنیوالوں کو عوام مسترد کر دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جناح ہسپتال کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہاکہ اس دورے کا مقصد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہیوں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے‘کورونا کی وباء نے ترقی یافتہ ملکوں کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے،پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو بھی چیلنجز درپیش ہیں‘ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر اور طبی عملہ صف اول کے سپاہی ہیں،اس وباء کے خلاف برسر پیکار تمام اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی جانب سے جناح ہسپتال میں قائم کی جانے والی پی سی آر لیب کا افتتاح لائق تحسین ہے‘کورونا کے خلاف جنگ اجتماعی کوششوں اور جذبے سے جیتیں گے‘ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کورونا کے معیشت پر اثرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے بھی موثر پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے جس پر حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں دن رات کام کر رہی ہے ‘پسماندہ اور مزدور طبقے کو ریلیف دینا اہم ترجیح ہے ‘1200ارب روپے کا معاونت پیکج وزیراعظم کی عوام دوست سوچ کا مظہر ہے‘سوموار سے ایک کروڑ افراد کو مالی امداد ملنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب نے مل کر دکھیوں کے درد کا مداوا کرنا ہے‘ہمیں وائرس کے ساتھ بھوک اور افلاس سے بھی لڑنا ہے‘مشکل وقت میں مخیر حضرات آگے بڑھتے ہوئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں‘کورونا کی روک تھام کیلئے ہر طرح کی تفریق سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہے‘کورونا کو سیاست کیلئے استعمال کرنیوالوں کو عوام مسترد کر دینگے۔معاون خصوصی نے کہاکہ گندم کی خریداری کے عمل کو محفوظ طریقے سے مکمل کیا جائے گا ‘ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا نہ ہو جس کیلئے حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹ کو لاک ڈائون پابندی سے استثنیٰ دے دیا ہے‘ فوڈ انڈسٹری کو بھی استثنیٰ دینے کے حوالے سے ایس او پیز پر کام جاری ہے ‘تعمیراتی شعبے کیلئے بھی پیکج کا مقصد معیشت کے پہیے کو رواں دواں رکھنا ہے۔

ا نہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے سماجی فاصلہ رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز اور ان کے ساتھیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحقین کو راشن کی فراہمی کیلئے گوہر اعجاز کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔اس موقع پر گوہر اعجاز نے کہاکہ جناح ہسپتال میں کورونا کے مفت ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

قبل ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے جناح ہسپتال میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے قائم کی گئی جدید بائیو سیفٹی لیب تھری کا معائنہ اور آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوںنے کرونا کے مریضوں کی خیریت بھی دریافت کی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان نے معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت جناح ہسپتال میں کرونا کی13 کنفرم اور 5 مشتبہ مریض زیر علاج ہیں اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں ان کو علاج معالجہ کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ترجمانٰ پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ‘ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل، ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان‘ پروفیسر فوزیہ اشرف سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔