سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 140 نئے کیسز سامنے آگئے

مملکت میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 179 تک پہنچ گئی، مجموعی طور پر 29 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں

Ahmad Tariq احمد طارق ہفتہ 4 اپریل 2020 18:48

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 140 نئے کیسز سامنے آگئے
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل 2020ء) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 140 نئے کیسز سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت میں کرونا وائرس کے 140 نئے کیسز کی تصدیق کردی ہے، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 179 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ مملکت میں کرونا وائرس کے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان محمد العبدال العالی نے بتایاہے کہ 1663 افراد کا معائنہ جاری ہے جن کی رپورٹس جلد سامنے آ جائیں گی۔ متاثرہ مریضوں میں سے 41 کی حالت خطرے میں ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ مملکت میں اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے مملکت میں وائرس کی پیش رفت سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے تین افراد میں کرونا کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 151 مقامی افراد ہیں جنہیں دوسرے لوگوں کے ذریعے یہ بیماری لاحق ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں حتمی طورپر کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم سعودی عرب میں موذی بیماریوں کا شکار افراد، عمر رسیدہ اور کمزور صحت کے لوگ اس بیماری کا زیادہ شکار ہوئے ۔کرونا کے خطرے کے پیش نظر ملک میں جاری لاک ڈائون اور کرفیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر شہر میں پابندی کی نوعیت الگ الگ ہے۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعد جدہ میں بھی 24 گھنٹے کرفیو کا نفاذ کر دیا ہے۔ تاہم یہ کرفیو پورے شہر کی بجائے مخصوص علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے۔