سندھ حکومت نے گندم کے ٹرک روک لیے‘پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ

لاڑکانہ ڈویژن میں ٹرکوں کو روکا گیا ہے جن میں لاہور کی7ملوں کے ٹرک بھی شامل ہیں.پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 4 اپریل 2020 19:17

سندھ حکومت نے گندم کے ٹرک روک لیے‘پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 اپریل۔2020ء) صوبہ سندھ سے جاری ہونے والی گندم روکے جانے کی وجہ سے پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق محکمہ خوراک سندھ نے پنجاب کی دس فلور ملز کیلئے گندم لانے والے ٹرک لاڑکانہ میں روک لئے ہیں جن میں لاہور کی سات ملز کی گاڑیاں بھی شامل ہیں.

مرکزی چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ گندم کی نقل و حمل کے پرمٹس جاری ہوئے، اس کے باوجود ٹرک نہیں آنے دیے جا رہے انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ ڈویژن میں ٹرکوں کو روکا گیا ہے، سپلائی معطل ہونے سے آٹے کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.

(جاری ہے)

ادھر محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے روزانہ سپلائی7 لاکھ76 ہزار سے بڑھا کر10 لاکھ35 ہزار کر دی گئی ہے،مجموعی ریلیز کی شرح 25ہزار 894 ٹن سے 30 ہزار154 ٹن ہو چکی ہے.

واضح رہے کہ سندھ میں گندم کی کٹائی شروع ہوچکی ہے جبکہ پنجاب میں گندم میں کٹائی مئی سے شروع ہونے کا امکان ہے سندھ میں حکومت کی جانب سے وقت پر باردانہ فراہم نہ کیئے جانے کی وجہ سے فصل کی کٹائی میں تاخیرہوئی . واضح رہے کہ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ فلور ملز کو گندم کی ریلیز 25 ہزار 680 میٹرک ٹن سے30 ہزار میٹرک ٹن کی جا چکی ہے،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے مختلف اضلاع میں وزراءاور مشیروں کو گندم خریداری مہم کی نگرانی کی ڈیوٹی سونپ دی ہے جو تمام اسٹیک ہولڈز سے رابطے میں رہیں گے اور ایوان وزیر اعلی کو متعلقہ ڈسٹرکٹ بارے روزانہ رپورٹ بھی فراہم کریں گے.

پنجاب کے وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا کہنا ہے کہ کاشتکار سے 1400روپے فی من کے ریٹ پر گندم خریدی جائے گی، محکمہ خوراک پنجاب 50 فیصد گندم کے ہدف کو پروکیور کرنے کے بعد ہی پرائیویٹ خریدار کو گندم خریدنے کی اجازت دے گا. محکمہ خوراک پنجاب نے گندم خریداری پالیسی21-2020 کے لیے 45 لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا ہے وزیرخوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی کاشتکار کی محنت کا ثمر براہ راست اسے ملے گا مڈل مین کا کردار ختم کردیا گیا ہے، فلور ملز کو بلک پرچیز کی اجازت نہیں دی جائے گی.