تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکج سے تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا‘ ایس ایم منیر

فی یونٹ گھر کی قیمت کم ہوگی،کم آمدنی والے طبقے کے اپنے گھر کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا‘ زبیرطفیل سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ ہوگااور تعمیرات سے وابستہ صنعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا‘ گلزارفیروز

ہفتہ 4 اپریل 2020 20:05

تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکج سے تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،ترجمان گلزار فیروزنے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تعمیراتی سیکٹرکیلئے اعلان کردہ تاریخ کے بہترین پیکج کو سراہتے ہوئے بے مثال پیکج پر ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کے تمام عہدیداران اور ممبران کو مبارکباد پیش کی ہے اورکہا ہے کہ تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دے کر وزیراعظم نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکج سے تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گااورلوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے،تعمیرات سے وابستہ درجنوں صنعتوں کی کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور پاکستان کی معیشت کو بھی مستحکم کرنے میں مدد ملے گی،اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے،فکس ٹیکس ریجیم کے نفاذکا مطالبہ بھی پورا کرکے تعمیراتی شعبے سے وابستہ تمام صنعتوں کے دل جیت لئے ہیں ۔

(جاری ہے)

زبیرطفیل نے کہا کہ ہم نے ایف پی سی سی آئی کے ذریعہ ہمیشہ تعمیراتی صنعت کیلئے آواز بلند کی اور اس شعبے کیلئے آباد کے ساتھ ہم آواز ہوکرمئوثر پیکج کا مطالبہ بھی کیا تھا،وزیراعظم کے اعلان کردہ تعمیراتی پیکج سے نہ صرف نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کو رواں دواں کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس شعبے میں سیلز ٹیکس کی چھوٹ ملنے سے تعمیراتی شعبے میں نئی سرمایہ کاری ہوگی ،وزیراعظم اسی طرح کا پیکج مزید کئی صنعتوں کو دیں جس کے حوالے سے ہم نے گزشتہ سال انہیں فیڈریشن چیمبر سے تجاویز دی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پیکج سے سے فی یونٹ گھر کی قیمت میں بھی کمی آئے گی جس سے کم آمدنی والے طبقے کواپنا گھر کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔گلزارفیروزنے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو صنعتی کا درجہ دیئے جانے، کنسٹرکشن ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام،فکس ٹیکس ریجیم نافذکرنے اور دیگر سہولیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکج سے مزدور طبقے کو ریلیف ملے گا اور گھر بیچنے پرکیپٹل گین ٹیکس نہ لگنے سے پراپرٹی کے شعبے میں پھیلی ہوئی بے چینی اورجمود طاری کا خاتمہ ہوگا، تعمیراتی شعبے میں سرگرمیاں بڑھیں گی،نئے منصوبے سامنے آئیں گے اور نئی سرمایہ کاری ہوگی، کم لاگت مکانات کی تعمیر کیلئے راہ ہموار ہوگی، تعمیراتی صنعت کے لیے مراعاتی پیکیج سے سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ ہوگااور تعمیرات سے وابستہ صنعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔