محکمہ زراعت زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوںکی فراہمی یقینی بنارہا ہے،وقار حسین

ہفتہ 4 اپریل 2020 20:43

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوںکی فراہمی یقینی بنارہا ہے اور صوبہ بھر کی زرعی منڈیوں میں ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے، صوبہ بھر میں پھل اور سبزیات عوام کی ڈیمانڈ کے مطابق موجود ہیں۔

یہ بات اسپیشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ) پنجاب وقار حسین نے صوبہ بھر میں زرعی منڈیوں سے پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں زرعی منڈیاں معمول پر مقرر کردہ احتیاطی تدابیرکے مطابق اپنا کام سرانجام دے رہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیشل سیکرٹری نے کہا کہ زرعی منڈیوں سے عوام کو پھلوں، سبزیات اور دالوں وغیرہ کی معمول کے مطابق فراہمی جاری ہے اور محکمہ زراعت پنجاب نے زرعی منڈیوں میں عوام النّاس کی آگاہی کیلئے کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر بارے صوبہ بھر کی فروٹ و سبز منڈیوں میں 11سو سے زائدبینرز،فلیکسیز وغیرہ بھی آویزاں کئے ہیں اور تمام زرعی منڈیوں میں 1 سو96 ہیلپ ڈیسک سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ یہاں آنے والے افراد کوکورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی فراہم کی جا سکے تاکہ وہ ان ہدایات پر عمل کر سکیں ،مزید براں صوبہ بھر کی زرعی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں اور تمام منڈیوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا گیا ہے۔

حاضر ڈیوٹی عملہ کو تھرمل سکینرز،ماسک،ہینڈ سینیٹائزرزاور ہاتھ دھونے کیلئے صاف پانی،صابن اور دیگر اشیاء بھی مہیا کی گئی ہیں ۔ زرعی منڈیوں میں متعین عملے کو ان جاری کردہ ایس او پی ایز پر کاربند رہنے کی ہدایات بھی کیں اور عوام النّاس سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔زرعی منڈیوں میں مقرر کردہ عملہ عوام کو بہترین سروسز فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔