وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرو کی زیر صدارت اجلاس ،

حویلی بہادرشاہ اور بلوکی پلانٹس سے متعلق ٹیرف اور دیگر معاملات طے کرونا کے خطرے کے پیش نظر اسٹیل ملز کے معائنہ کے لیئے سرمایہ کار کمپنی کی وزارت نجکاری سے مزید مہلت کی درخواست کر دی گئی

ہفتہ 4 اپریل 2020 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرو کی زیر صدارت اجلاس میں حویلی بہادرشاہ اور بلوکی پلانٹس سے متعلق ٹیرف اور دیگر معاملات طے پا گئے۔ہفتہ کو وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرو کی ویڈیو لنک کے ذریعے پاور پلانٹس اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے توانائی ندیم بابر اور چیئر مین نیپرا نے شرکت کی ۔

اجلاس میں حویلی بہادرشاہ اور بلوکی پلانٹس سے متعلق ٹیرف اور دیگر معاملات طے پا گئے۔موجودہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کاروں سے آن لائن رابطے کئے گئے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ فی الوقت پاور پلانٹس کی نجکاری سے متعلق مقرر کردہ میعاد میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کی رواں ہفتہ میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق متعلقہ سرمایہ کار کنسورشیم سے بھی ملاقاتیں ہوئیں ۔

پاک چائنہ کنسورشیم کے مالیاتی مشیروں نے ڈیو ڈیلیجینس کی ابتدائی رپورٹ بذریعہ ای-میل بھیج دی۔ کرونا کے خطرے کے پیش نظر اسٹیل ملز کے معائنہ کے لیئے سرمایہ کار کمپنی کی وزارت نجکاری سے مزید مہلت کی درخواست کی گئی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نجکاری سے پیشتر تمام قانونی اور انتظامی معاملات پر مستعدی سے پیش رفت جاری ہے۔ وزارت کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی صورتحال میں مثبت تبدیلی اور کرونا کے خاتمے کے بعد نجکاری معاملات میں خاطر خواہ تیزی متوقع ہے ۔

بیان کے مطابق وفاقی وزیر محمد میاں سومرو بذات خود منتخب شدہ سیکٹرز کی نجکاری کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے وزارت کے حکام کو محتاط انداز میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہفتہ وارانہ پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے