سینیٹر سراج الحق نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پاسپورٹ قوانین کو تبدیل کرنے کے خلاف تحریک التواء سینیٹ میں جمع

ہفتہ 4 اپریل 2020 21:10

سینیٹر سراج الحق نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پاسپورٹ قوانین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پاسپورٹ قوانین کو تبدیل کرنے کے خلاف تحریک التواء سینیٹ کے شعبہ اجراء و رسید میں جمع کرا دی ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق تحریک التواء سینیٹ کے قواعد و ضوابط مجریہ 2012ء کے قاعدہ 85 کے تحت جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر تشکیل نو 2020ء کے نام سے ایک اور حکم جاری کیا ہے جس کے ذریعے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیرکے پاسپورٹ قوانین کو تبدیل کرنا ہے، یہ بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ یہ ظالمانہ اقدام بھی بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019ء سے شروع ہونے والے ان اقدامات کا تسلسل ہے۔ تحریک التواء میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پوری دنیا کورونا کی وباء کی زد میں ہے اور بھارت صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے خطرناک عزائم کو پورا کرنے میں مصروف ہے، مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیا ں مسلسل بڑھ رہی ہیں، دنیا کی اس طرف مسلسل توجہ دلانے کی ضرورت ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے پوری قوم کو اس پر تشویش ہے۔ سینیٹ معمول کی کارروائی روک کر ایوان میں اس معاملہ کو زیر بحث لائے۔