دبئی میٹرو اور ٹرام سروس کل سے بند کرنے کا اعلان

دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ سروسز غیر معینہ مدت کیلئے بند رہیں گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 اپریل 2020 20:54

دبئی میٹرو اور ٹرام سروس کل سے بند کرنے کا اعلان
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اپریل 2020 ء) دبئی میٹرو اور ٹرام سروس کل سے بند کرنے کا اعلان، دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹرانسپورٹ سروسز غیر معینہ مدت کیلئے بند رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے پھیلاو میں اضافہ ہونے کے بعد اور ملک میں جاری ڈس انفیکشن مہم کے باعث دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے میٹرو اور ٹرام سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق دبئی میٹرو اور ٹرام سروس کل 5 اپریل سے بند کر جائیں گی۔ ان پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس دوران دبئی میں بس سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ دوسری جانب ملک میں نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کو بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آج بروز ہفتہ اس صفائی مہم کو ختم ہو جانا تھا، تاہم اب اس کی مُدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

اماراتی وزارت صحت اور وزارت داخلہ کی جانب سے اس نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کو جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزارت صحت و داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صفائی ستھرائی اور جراثیم کے خاتمے کی اس حالیہ مہم میں مزید سہولیات اور مشینری کا اضافہ کیا جائے گا۔ مملکت میں ڈس انفیکشن مہم کامیابی سے مکمل کی گئی، جس کا آغاز 26مارچ سے ہوا تھا۔

اس دوران بہترین قسم کی جدید ترین مشینریوں کا استعمال کیا گیا ۔ جس میں مختلف وفاقی اور مقامی اداروں کے ہزاروں کارکنان نے حصہ لیا۔وزارت کے مطابق ہر اماراتی ریاست میں جب جب اور جہاں جہاں ڈس انفیکشن کی ضرورت ہو گی، مقامی طور پر پلان تیار کر کے جراثیم کش ادویہ کا سپرے اور صفائی ستھرائی کی جائے گی۔ اس ڈس انفیکشن پروگرام کا دورانہ پہلے کی طرح ہی رات 8 بجے سے لے کر صبح 6 بجے تک ہو گا۔

جس دوران ٹریفک اور لوگوں کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہو گی۔ تاکہ ڈس انفیکشن کا کام کرنے والی ٹیموں پوری تسلی اور بنا کسی رکاوٹ کے اپنا کام انجام دے سکیں۔ دُبئی میونسپلٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران لاک ڈاؤن کے نتیجے میں ریاست کی فضا بہتر ہو گئی ہے۔ فضا میں زہریلی گیسوں نائٹروجن کی مقدار میں 57 فیصد کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کاربن مونو آکسائیڈ کی مقدار بھی 48 فیصد کمی ہو گئی ہے۔

جس کا نتیجہ دُبئی میں ایئر کوالٹی کی بہتری کی صورت میں ظاہر ہو گئی ہے۔ اس کی بڑی وجہ لوگوں کا بڑی گنتی میں گھروں تک ہی محدود رہنے کے باعث ٹریفک کا نہ چلنا ہے،گاڑیوں سے دھوئیں کا اخراج نہ ہونے کے سبب فضا کی آلودگی کم ہو گئی ہے ، جس میں اگلے چند روز میں مزید بہتری آئے گی۔