امریکہ کے ڈنیئل پرل کیس کے حوالے سے تحفظات فطری ہیں، شاہ محمود

اپیل کا فورم موجود، اب متعلقہ عدالت نے دیکھنا ہے وہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہیں یا کالعدم قرار دیتے ہیں ) پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں ،پوری قوم نے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک طویل لڑائی لڑی اور اسے شکست دی،وزیر خارجہ کا بیان

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ڈنیئل پرل کیس کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات فطری ہیں،وہ ایک نمایاں صحافی تھے انہیں پہلے تاوان کیلئے اغوا کیا گیا اور پھر قتل کر دیا گیا یہ خبر پوری دنیا میں پھیلی اور پاکستان پر انگلیاں بھی اٹھائی گئیں ہمیں حدف تنقید بنایا گیا۔

ڈنیئل پرل کیس کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں پوری قوم نے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک طویل لڑائی لڑی اور اسے شکست دی۔ ڈنیئل پرل کیس میں ملزمان گرفتار ہوئے مقدمہ چلا اور بالآخر تین ملزمان کو قید کی سزا ہوئی اور مرکزی ملزم شیخ عمر کو سزائے موت سنائی گئی۔

(جاری ہے)

اپیل کا حق انہیں حاصل تھا چنانچہ ان کی اپیل کو سندھ ہائی کورٹ نے تسلیم کر کے، انسداد دہشت گردی کورٹ، حیدرآباد کی طرف سے دی گئی سزا کو معطل کرتے ہوئے، تین ملزمان کو بری جبکہ شیخ عمر کی سزائے موت کو سات سال قید میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔

اس فیصلے سے تشویش پیدا ہوئی ۔ سندھ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پبلک سیفی ایکٹ کے تحت 90 روز کیلئے ملزمان کی نظر بندی کا فیصلہ کیا اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اپیل کا فورم موجود ہے اب یہ متعلقہ عدالت نے دیکھنا ہے کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہیں یا کالعدم قرار دیتے ہیں۔