راولپنڈی :آل پاکستان چھابہ (مزدور)یونین نے مراعاتی پیکج کو امیر طبقے کیلئے ریلیف پیکج قرار دیدیا

غریب اور دیہاڑی دار وں پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی بلکہ امیر لوگوں،صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے،چھابہ فروش ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے، صدر احسن خان

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2020ء) آل پاکستان چھابہ (مزدور)یونین کے صدر احسن خان نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث وزیراعظم کے مراعاتی پیکج کو امیر طبقے کیلئے ریلیف پیکج قرار دیتے ہوئے کہا کہ غریب اور دیہاڑی دار وں پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی بلکہ امیر لوگوں،صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے،چھابہ فروش ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے پہلے مرحلے میں آج (بروزاتوار)دن12 بجے کمیٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا بعد ازاں چاروں صوبوں میں احتجاج کی کال دی جائیگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھابہ یونین راولپنڈی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ مرکزی چھابہ یونین کے عہدیدار آج (اتوار)کواحتجاجی مظاہرے سے عوامی نمائندوںسے ملاقات کریں گے اور انہیں مزدوروں کے تحفظات سے آگاہ کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون ڈیفنس یا گلبرک جیسے علاقوں کیلئے نہیں بلکہ غریبوں،مزدوروں اور دیہاڑی دار لوگوں کیلئے ہے، ملک بھر کے لاکھوں غریب چھابہ فروش بے روز گار ہوگئے ہیں ،گھروں میں راشن تک نہیں ہے،بال بچوں کو کیسے پالیںگے،مزدوروں کے گھروں کے چولہے بھی بجھ گئے ہیں اسلیئے وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ پیکج میں ملک بھر کے چھابہ مزدوروں کو بھی شامل کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ غریب چھابڑی فروش مزدورکم پڑھے لکھے لوگ ہیں جنہیں کسی ویب سائٹ یا ایپ کا علم نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس کمپیوٹر یا وائی فائی کی سہولت حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سروے کرائیں صرف راولپنڈی میں50 ہزارسے لیکر70 ہزارتک چھابڑی فروش ہیں،اسی طرح دیگر شہروں کی صورتحال ہے،چھابڑی فروشوں کی فوری مالی امداد کی جائے اور ان کے گھروں میں 3 ،3 ماہ کا راشن پہنچایا جائے کیونکہ اگلے ماہ رمضان کی آمد ہے،احسن خان نے مذید کہا کہ حکمران اگر مزدورغریب چھابڑی فروشوں کی مدد نہیں کرسکتے تو لاک ڈائون دورانیہ میں کم از کم چار گھنٹے کی نرمی برتی جائے ،سبزی فروشوں،دودھ دہی والوںاور میڈیکل سٹوروں کی طرح چھابڑی فروشوں کو بھی روز گار کمانے کی اجازت دی جائے بصورت دیگر نوبت فاقوں تک پہنچ جائے گی اور ناانصافی پر لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

(جاری ہے)

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر چھابہ یونین کے مسائل فوری حکام بالا تک پہنچائیں۔