برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کا شکار مزید 708 افراد دم توڑ گئے

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:51

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کا شکار مزید 708 افراد دم توڑ گئے، یہ برطانیہ میں ایک روز میں ہلاک ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ 708 اموات کے بعد ملک میں مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 4313 ہو گئی ہے جبکہ 3735 مزید افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 41903 تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں رواں ہفتے سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن جو کہ معمولی علامات ظاہر ہونے کے بعد سیلف آئیسولیشن میں ہیں نے 23 مارچ کو ملک میں مہلک وباء پر قابو پانے کیلئے لاک ڈائون کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے 3 اپریل کو اپنے وڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ صحت کے اداروں کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ وباء پر قابو پایا جا سکے۔