آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن کے زیر اہتمام صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 182 ممبران کو مجموعی طور پر 13 لاکھ سے زائد رقم ادا کر دی

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:52

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن کے زیر اہتمام صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 182 ممبران کو مجموعی طور پر 13 لاکھ سے زائد رقم ادا کر دی گئی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی ہدایت پر سیکرٹری اطلاعات و چیئرمین ویلفیئر کمیٹی مدحت شہزاد نے ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے جملہ درخواست گزاران کو مطابق ایکٹ و رولز رقم کی ادائیگی کی منظوری دی ۔

چیئرمین پریس فائونڈیشن جسٹس صداقت حسین راجہ کے احکامات کی روشنی میں فیس بقایاجات کے معاملات کو بھی زیر التواء رکھتے ہوئے فوڈ پیکج کیلئے 6 لاکھ سے زائد رقم کی منظوری دی گئی جس سے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے مستحق صحافیوں کو فوڈ پیکج دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

فوڈ پیکج پر عملدرآمد کے لیے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و سیکرٹری پریس فائونڈیشن راجہ اظہر اقبال نے جملہ ممبران بورڈ آف گورنرز سے رابطہ کر کے ان سے فہرستیں حاصل کیں جس کے بعد امدادی رقم جاری کر دی گئی ۔

کوٹلی آزاد کشمیر کا وہ واحد ضلع ہے جہاں سے پریس فائونڈیشن کے منتخب ممبر بورڈ آف گورنرز نے صرف 3 ممبران کو فوڈ پیکج کیلئے نامزد کیا ۔ دارالحکومت مظفرآباد میں فوڈ پیکج کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن جسٹس صداقت حسین راجہ اور سیکرٹری فائونڈیشن راجہ اظہر اقبال نے کیا ۔ ایسے ممبران جو بلدیہ حدود سے باہر تھے اور ان کے پاس فوڈ پیکج حاصل کرنے کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں تھا ان کیلئے وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن اور مظفرآباد سے ممبر بورڈ آف گورنرز سردار ذوالفقار علی نے گڑھی دوپٹہ ، ہٹیاں دوپٹہ ، شالاباغ ، سیٹھی باغ ، سنڈھ گلی اور گلشن کالونی سمیت مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر فوڈ پیکج پہنچایا ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے فائونڈیشن کے اقدامات کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے موجودہ اور سابقہ چیئرمین اور ان تمام ذمہ داران کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے اس ادارہ کو نہ صرف منظم کیا بلکہ اسے کسی بھی قسم کی کرپشن اور ذاتی مفاد سے پاک رکھا ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست میں اس نوعیت کے ادارے قائم ہونے سے بلاشبہ بہتر معاشی نظام قائم ہو سکتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واحد ادارہ ہے جس نے اپنے آپ کو اس قابل بنایا ہے کہ آج حکومت کی طرف دیکھنے کی بجائے حکومت کی مدد کر رہا ہے ۔ حکومت فائونڈیشن کے وسائل بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کرے گی تاکہ صحافیوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات دی جا سکیں ۔ چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پریس فائونڈیشن نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی گرانٹ کو محفوظ کرتے ہوئے پریس فائونڈیشن نے اپنے آپ کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ صحافیوں کی شادی بیاہ ، تعلیم ، بیماری ، وفات اور دیگر مواقع پر مدد کر سکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کچھ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے اس کے وسائل میں اضافہ ہو ۔ یہ صحافیوں کا ادارہ ہے اور ہمارے تمام وسائل صحافیوں کے لیے ہیں تاہم قانون اور ضابطے کا اطلاق بدستور رہے گا اور فائونڈیشن اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن سردار ذوالفقار علی نے جملہ میڈیا ہائوسز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے کارکنان کیلئے خصوصی پیکجز کا اعلان کریں۔