ایل پی جی کے 11.8کلوگرام کے سلینڈر کے لیے 1150روپے کا ریٹ مقرر

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:54

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) ایل پی جی ڈیلرز اور صارفین کے مابین گیس کی قیمتوں پر تنازعہ کے بعد ڈپٹی کمشنر بدر منیر کی زیرصدارت چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی و اے ڈی سی جنرل عاصم خالد اعوان کے دفتر میں گیس ڈیلرز صارفین اور میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کی مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں عبوری طور پر نیا ریٹ 11.8کلوگرام کے سلینڈر کے لیے 1150روپے مقرر کر دیاگیا۔

تاجران ،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے اتفاق کرلیا۔ تاجران نے شکایت کی کہ اوگرا کے جاری کردہ قیمتوں پر پورے پاکستان میں عمل درآمد نہیں ہورہا۔ گیس کمپنیوں کے مالکان اور ایکس پلانٹ روزانہ ریٹ تبدیل کرتے ہیں جبکہ پنجاب تا مظفرآباد گیس سلینڈر لانے کے لیے کرایہ ،سیلز ٹیکس اور دوکان کرایہ کے علاوہ دیگر مدات میں 255 روپے اضافی بھرنے پڑتے ہیں اس طرح ہمیں فی سلینڈر اڑھائی سو روپے نقصان ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ ہمارا جائز منافع 80 روپے بننا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر بدر منیر اور اے ڈی سی عاصم خالد اعوان نے طے کیا کہ کورونا وائرس سے پیدا ایمرجنسی صورتحال کے خاتمے کے بعد اوگرا اور گیس کمپنیوں کے مالکان سے حکومتی سطح پر بات کی جائے گی تاکہ عوام کو اوگراہ کے نرخ پر سلینڈر دستیاب ہوسکیں۔ دکانداروں کا نقصان بھی نہ اور صارفین کوسستی اور معیاری پورے وزن کے ساتھ گیس ملے۔

میٹنگ میں مرکزی انجمن تاجران آزادکشمیر کے شوکت نواز میر ،تاجر جوائنٹ کمیٹی کے چیئرمین عبدالرازق خان، وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن سردارذوالفقار علی، صدر سنٹرل پریس کلب سجادمیر، رکن مجلس عاملہ سنٹرل پریس کلب وایڈیٹر ڈیلی خبرنامہ عبدالواجد خان، گیس ڈیلرز کی جانب سے اسدحبیب اعوان، مبشر احمد خواجہ عمیر ودیگر جبکہ سول سوسائٹی کی جانب سے راجہ آفتاب صدیق ایڈووکیٹ ،انجمن صارفین کی جانب سے فیصل جمیل کاشمیری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔