شہرقائد میں ڈاکٹرز میاں بیوی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

خاتون ڈاکٹر کے شوہر کی ڈیوٹی ایئرپورٹ پر تھی، خدشہ ہے ان سے مرض منتقل ہوا۔ کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کے عملے کو حفاظتی سامان فراہم کررہے ہیں، ڈاکٹر سلمیٰ

اتوار 5 اپریل 2020 00:00

شہرقائد میں ڈاکٹرز میاں بیوی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2020ء) شہرقائد میں ڈاکٹرز میاں بیوی کروناوائرس کا شکار ہوگئے۔ سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی ڈاکٹر سلمی کوثر نے تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق عباسی شہید اور سول اسپتال کے ڈاکٹرز میاں بیوی میں کروناوائرس منتقل ہوگیا ہے۔ خاتون ڈاکٹر کو کرونا کا سن کر بغیر سیفٹی کے کام کرنے والے دیگر ڈاکٹرز بھی پریشان ہوگئے۔

(جاری ہے)

عباسی شہید اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر کو نجی اسپتال میں داخل ہونے کی اجازت دے دی، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی ڈاکٹرسلمی کوثر نے کرونا کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والے عملے کے اہلکار بھی اپنے کروناٹیسٹ کروائیں۔ڈاکٹر سلمی کوثر نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والے عملے کو 14روز گھر میں رہنے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ خاتون ڈاکٹر کے شوہر بھی سول اسپتال میں ڈاکٹر ہیں، ان کو بھی کرونا ہے۔ ڈاکٹرسلمی کوثر نے بتایا کہ خاتون ڈاکٹر کے شوہر کی ڈیوٹی ایئرپورٹ پر تھی، خدشہ ہے ان سے مرض منتقل ہوا۔ کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کے عملے کو حفاظتی سامان فراہم کررہے ہیں۔