اوپیک کا پیر کو ہونے والااہم اجلاس ملتوی ، سعودی عرب اور روس میں پھر ٹھن گئی

اتوار 5 اپریل 2020 00:50

ویانا ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) تیل کی پیداوار کے معاملے پر سعودی عرب اور روس کے درمیان اتفاق رائے نہ ہوسکا،اوپیک کا پیر کو ہونے والااہم اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔آزربائیجان کی وزارت توانائی کی ترجمان زمینا علیووکے مطابق اوپیک کا یہ ورچوئل مگر اہم اجلاس اب جمعرات 9 اپریل کو منعقد ہو گا جس کی اطلاع انہیں اوپیک کی جانب سے موصول ہوئی ہے تاہمبیان میں پیر کے اجلاس کے ملتوی ہونے کی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کا پیر کو اجلاس بلانے کا اعلان صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے کے بعد کیا گیا کہ ان کی دونوں ممالک کے راہنمائوں سے بات ہوئی ہے اور یہ کہ دونوں ملکوں کے درمیان خام تیل کی پیداوار15 ملین بیرل یومیہ تک کم کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔اس بیان کے بعد تیل کے عالمی نرخوں میں جمعرات کو 25فیصد اور جمعہ کو 12فیصد تک اضافہ ہوا،اس سے قبل 5ہفتوں تک تیل کی قیمت میں گراوٹ نے تیل کی قیمت1983کی سطح پرپہنچا دی تھی۔اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ پیر کو اوپیک کے اجلاس کا ملتوی ہونا عالمی تیل مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور تیل کی قیمت ایکبار پھر گر جائے گی۔