اسماعیل ھنیہ کی کرونابحران پر فلسطینی قیادت سے ٹیلیفون پر مشاورت

کرونا کی وبا اور فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے اقدامات پرتبادلہ خیال کیاگیا،حماس کا بیان

اتوار 5 اپریل 2020 12:25

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی سنگین صورت حال اور فلسطینی قوم کو درپیش مشکلات کے حوالے سے فلسطین کی نمائندہ جماعتوں کے قیادت سے ٹیلیفون پر مشاورت کی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی رہ نمائوں سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں جاری کرونا کے خطرات اور ان کے تدارک کے لیے اقدامات اور تیاریوں پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

حماس کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ، نیشنل پروگریسیو پارٹی کے سیکرٹری جنرل مصطفی البرغوثی، عوامی محاذ برائے آزاد فلسطین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ابو حمد فواد ، جمہوری محاذ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فہد سلیمان اور جنرل لیڈر شپ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ابو جہاد طلال ناجی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ اسماعیل ھنیہ اور دوسرے فلسطینی رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کرونا کی وبا اور فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا۔