او آئی سی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سفاکانہ ڈومیسائل قانون کی مذمت

بین الاقوامی تنظیم بھارت سے سفاکانہ قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتی ہے، آئی پی ایچ آر سی کا بیان

اتوار 5 اپریل 2020 12:25

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے انسانی حقوق کے ذیلی ادارے نے بھارتی حکومت کے نئے ڈومیسائل قانون ’’جموں و کشمیر تنظیم نو آرڈر 2020‘‘ کو غیر قانونی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی)نے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اس نئے قانون کے نفاذ کی مذمت کرتا ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی اور جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

کمیشن نے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تنظیم، بھارت سے سفاکانہ قوانین منسوخ کرنے اور خطے میں اس کی انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔