اینٹی پیراسیٹک دوا آئیورمیسٹن کورونا وائرس کے خلاف موثر قرار

آئیورمیسٹن نے 48 گھنٹے میں کورونا وائرس کو مار دیا،موناش یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم کی رپورٹ

اتوار 5 اپریل 2020 12:25

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) آسٹریلین سائنسدانوں نے ایسی دوا دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس نے لیبارٹری میں 48 گھنٹے میں کورونا وائرس کو مار دیا۔میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ جریدے جرنل اینٹی وائرل ریسرچ میں شائع تحقیق کے مطابق اینٹی پیراسیٹک دوا آئیورمیسٹن نوول کورونا وائرس کی نقول بنانے کے عمل کو روک دیتی ہے۔

موناش یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم کی ڈاکٹر کائیلی واگسٹف نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ دوا بہت زیادہ استعمال ہوتی ہے اور اسے محفوظ دوا سمجھا جاتا ہے، ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ لوگوں کو کتنی مقدار میں اسے دینا موثر ثابت ہوسکتا ہے، اور یہی ہمارا اگلا قدم بھی ہوگا۔ان کا کہنا تھاکہ ہم نے یہ دریافت کیا کہ صرف ایک ڈوز سے بھی تمام وائرل ریبونیوکلورک ایسڈ (آر این ای) 48 گھنٹے میں ختم ہوجاتا ہے اور محض 24 گھنٹے میں ہی اس میں نمایاں کمی آجاتی ہے۔

(جاری ہے)

ابھی یہ واضح نہیں کہ کیسے یہ دوا وائرس کو کیسے مارتی ہے، مگر محققین کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر اس کے اثر سے وائرس کے میزبان خلیات کا اثر کمزور ہوجاتا ہے۔اس دوا کا استعمال 1980 کی دہائی سے ہورہا ہے اور اس کو عموماً سر کی جوئوں، خارش اور پیراسائٹس یا طفیلی کیڑوں سے ہونے والے متعدد دیگر انفیکشنز کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔اس دوا کو جلد کی بیماری کے علاج کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

آسٹریلین سائنسدانوں نے اسے لیبارٹری میں خلیات پر استعمال کیا اور فی الحال یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ لوگوں میں انفیکشن کے خاتمے کے لیے کس حد تک موثر ہوسکتی ہے۔ٹیسٹ ٹیوب تحقیقی رپورٹس میں اس دوا کو متعدد اقسام کے وائرس کے خلاف موثر پایا گیا مگر ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ تعین کیا جاسکے کہ اسے کووڈ 19 کے علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔اگرچہ یہ وائرس ابھی چند ماہ پہلے ہی سامنے آیا ہے، مگر اس نئی تحقیق میں شامل کچھ سائنسدان پہلے اس پر کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :