کورونا کا پھیلاﺅ جاری پاکستان میں مریضوں کی تعداد2924 جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 46 تک جاپہنچیں

پنجاب میں مزید33 گلگت بلتستان میں 13 اور اسلام آباد میں 3 نئے کیسز سامنے آگئے‘170صحت یاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 5 اپریل 2020 13:10

کورونا کا پھیلاﺅ جاری پاکستان میں مریضوں کی تعداد2924 جبکہ جاں بحق ہونے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اپریل۔2020ء) عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاﺅ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 13 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 اور کیسز سامنے آئے ہیں .

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب میں مزید 33 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 1196 ہوگئی ہے.

(جاری ہے)

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رائے ونڈ قرنطینہ مرکز میں 303 متاثرین ہیں جبکہ ڈی جی خان میں 213 زائرین، ملتان میں 91 زائرین، فیصل آباد میں 5 زائرین، منڈی بہاﺅالدین میں 3، سرگودھا 13، وہاڑی 13، راولپنڈی 6، ننکانہ میں 2، گجرات میں 5 اور رحیم یار خان میں 2 تبلیغی ارکان میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے.

رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کرنے والے 10,263 تبلیغی ارکان کو قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے اور صوبے بھر کے 33 اضلاع میں تبلیغی ارکان کے لیے قرنطینہ مراکز بنائے گئے ہیں پنجاب میں سب سے زیادہ 220 مصدقہ متاثرین لاہور میں ہیں. سرکاری سطح پر ملک میں کورونا وائرس کیسز کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں وفاقی دارالحکومت میں ان 3 نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد تعداد 75 سے بڑھ کر 78 تک پہنچ گئی جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مزید 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد وہاں تعداد 193 سے بڑھ کر 206 تک پہنچ گئی.

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا اور صرف 39 روز گزرنے کے بعد یہ تعداد 2816 تک جا پہنچی ہے ان کیسز میں بیرونِ ملک سے آئے ہوئے افراد کے متاثر ہونے کے علاوہ زیادہ تر کیسز وہ ہیں جو مقامی طور پر ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوئے. خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاﺅن اور مختلف پابندیاں عائد ہیں، جس کے تحت کاروباری مراکز، شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے، سنیما، تفریحی مقامات، کراچی میں ساحل سمندر، اشیائے ضروریہ کے سوا دیگر دکانیں، شادی ہالز و دیگر مقامات بند ہیں اعداد و شمار کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ پنجاب ہے جہاں ایک ہزار 1133 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 12 ہے.

اسی طرح سندھ میں متاثرین کی تعداد 830 تک پہنچ چکی ہے تاہم اس صوبے میں ہونے والی اموات ملک میں سب سے زیادہ ہیں اور یہ تعداد 14 تک پہنچ چکی ہے سندھ کے بعد خیبرپختوخوا ہے جہاں کیسز کی تعداد 372 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اموات 14 ہوگئی ہیں. اس کے علاوہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 185 ہے اور یہاں اب تک ایک شخص کورونا وائرس سے زندگی کی بازی ہارا ہے چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد میں 78 متاثرین، گلگت بلتستان میں 206 کیسز اور 3 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 12 افراد وائرس متاثر ہوچکے ہیں.

تاہم ایک امید کی کرن اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد ہیں اور اب تک اس عرصے کے دوران 170 ایسے مریض ہیں جو اس وائرس کو شکست دے کر فتح یاب رہے ہیں. ملک بھر میں گزشتہ روز نئے کیسزمیں پنجاب میں 64 ‘ سندھ میں 47 ، خیبر پختونخوا میں 29، بلوچستان میں10، اسلام آباد میں 7، گلگت بلتستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا .

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی 18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی. 20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا 22 مارچ کو گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا جبکہ 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آئی.

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی تھی.