متحدہ عرب امارات میں شہریوں کو گھر سے نکلنے کیلئے ثبوت کے طور ہسپتال یا خریداری کی رسید پاس رکھنے کی ہدایت کردی گئی

سڑکوں پر لگے ریڈار کے ذریعے گاڑیوں کے نمبر نوٹ کرکے جرمانہ کیا جائے گا، بل کی رسید دکھا کر جرمانہ معاف کرواسکتے ہیں: انتظامیہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 5 اپریل 2020 15:06

متحدہ عرب امارات میں شہریوں کو گھر سے نکلنے کیلئے ثبوت کے طور ہسپتال ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل2020ء) متحدہ عرب امارات میں شہریوں کو گھر سے نکلنے کیلئے ثبوت کے طور ہسپتال یا خریداری کی رسید پاس رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سڑکوں پر لگے ریڈار کے ذریعے گاڑیوں کے نمبر نوٹ کرکے مالکان کو جرمانہ کیا جائے گا تاہم بل کی رسید دکھا کر جرمانہ معاف کرواسکتے ہیں/ امتظامیہ نے کہا ہے کہ سڑک پر پولیس بھی چیکینگ کرکے جرمانے کرسکتی ہے ایسی صورت میں بھی جو لوگ اجازت لے کر نکلے ہیں وہ بھی ہسپتال یا خریداری کی رسیدیں پاس رکھیں اور پولیس کو دیکھائیں تاکہ انہیں جرمانہ نہ ہو۔

دوسری جانب دبئی میں پبلک بس سروس مفت کردی گئی ہے جبکہ ٹیکسی سروس کے کرائے 50فیصد کم کردیے گئے ہیں۔ ریاست کے روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ادارے نے بتایا ہے کہ جن لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے وہ پبلک بس سروس پر مفت سفر کرسکیں گے اور اماراتی ٹیکسی سروس پر سفر کرنے والوں کو آدھا کرایہ ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دبئی میں میٹرو بند ہونے کی وجہ سے متاثرہ افراد کو مدد دینے کیلئے بس سروس کے روٹس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں کو جانے والے روٹس کے علاوہ باقی تمام روٹس کی بسیں رات 8 بجے سے صبح 6بجے تک بند رہیں گی۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس ہر گزرتے روز کیساتھ مزید پھیلتا جا رہا ہے۔متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ ایک اور شخص کی ہلاکت کے بعد اموات کی کل تعداد بھی 10 ہوگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز امارات میں کرونا وائرس کے مزید 241 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئے کیسز رپورٹ ہونے اور ایک شخص کے انتقال کے بعد کل کیسز کی تعداد 1505 تک جا پہنچی ہے، اور 10 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم یہاں ایک اچھی خبر یہ ہے کہ امارات کے ہسپتالوں میں زیر علاج 17 مریض صحتیاب بھی ہو گئے ہیں۔ یوں صحتیاب ہونے والے کل افراد کی تعداد 125 ہوگئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی پھیلاو کی موجودہ صورتحال میں مملکت اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے۔